بھٹکل (فکروخبرنیوز): بھٹکل میں آج بدھ کی رات تقریباً آٹھ بجے کڑک اور گرج کے ساتھ موسم کی پہلی بارش ہوئی، لیکن بارش کے آغاز کے ساتھ ہی شہر بھر میں بجلی غائب ہوگئی، پہلی ہی بارش میں بجلی نظام کے درہم برہم ہوجانے سے شہریوں میں آئندہ مانسون کے تعلق سے تشویش بڑھ گئی ہے۔
شہر کے مختلف علاقوں میں بارش شروع ہوتے ہی اچانک بجلی منقطع ہوگئی اورخبر لکھے جانے تک بحال نہیں ہوسکی، جس کی وجہ سے پورا شہر اندھیرے میں ڈوب گیا۔ عوام کا کہنا ہے کہ اگرمئی کی پہلی بارش میں بجلی کا یہ حال ہے تو مانسون کے دوران صورتحال مزید سنگین ہوسکتی ہے۔
واضح رہے کہ گزشتہ تقریباً بیس دنوں سے مرمتی کام کا حوالہ دیتے ہوئے وقفہ وقفہ سے بجلی کی سپلائی معطل کی جاتی رہی ہے۔ بجلی محکمہ کی جانب سے بارہا مرمت اور لائنوں کی بہتری کے دعوے کیے گئے، تاہم پہلی ہی بارش نے ان دعوؤں کی قلعی کھول دی ہے۔
شہریوں نے سوال اٹھایا ہے کہ اگر پہلے سے مرمتی کام جاری تھے تو پھر معمولی بارش کے بعد پورا نظام کیوں متاثر ہوگیا؟ عوام کا کہنا ہے کہ بار بار بجلی کی بندش سے گھریلو زندگی، کاروبار اور طلبہ کی پڑھائی بری طرح متاثر ہورہی ہے۔
عوامی حلقوں نے متعلقہ محکمہ سے مطالبہ کیا ہے کہ مانسون سے قبل بجلی نظام کو مؤثر اور مستحکم بنانے کے لیے فوری اقدامات کیے جائیں تاکہ بارش کے دوران شہریوں کو مسلسل مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے۔



