بھٹکل (پریس ریلیز) اسلامیہ اینگلو اردو ہائی اسکول میں محفلِ حسنِ قرأت و تجوید کا روح پرور انعقاد 20جولائی 2026 بروز پیرصبح 11:30 بجےعمل میں آیا، جس میں معروف قاری حافظ حماد پلور نے طلبہ کے سامنے حسنِ قرأت کا دلنشیں مظاہرہ پیش کرتے ہوئے قرآنِ کریم کی عظمت، تجوید کے بنیادی اصول اور قرآنی تعلیمات کی اہمیت پر نہایت مؤثر انداز میں روشنی ڈالی۔
اپنے خطاب میں قاری حافظ حماد پلور نے کہا: "میری ترقی کا راز اسلامیہ اینگلو اردو ہائی اسکول سے وابستگی، اساتذہ کی محنت اور ان کے ادب و احترام میں پوشیدہ ہے۔” انہوں نے اپنے زمانۂ طالب علمی کی یادیں تازہ کرتے ہوئے بتایا کہ اسی ادارے میں انہیں مختلف تقریریں، ادبی اور ثقافتی مقابلوں میں شرکت کا موقع ملا، جہاں انہوں نے پچاس سے زائد اسناد حاصل کیں۔ انہوں نے کہا کہ کنڑ تقریری مقابلوں میں مسلسل اول مقام حاصل کرنا اور حکومتِ کرناٹک کے زیرِ اہتمام منعقد ہونے والے پرتیبھا کارنجی مقابلوں میں ادارے کی نمائندگی کرنا، حتیٰ کہ ایک مرتبہ ریاستی سطح تک پہنچنا، ان کے اساتذہ کی محنت اور بہترین تربیت کا نتیجہ تھا، جس نے ان کی شخصیت سازی میں بنیادی کردار ادا کیا۔
انہوں نے طلبہ کو اساتذہ اور والدین کے ادب و احترام، وقت کی قدر اور موبائل کے مثبت استعمال کی تلقین کرتے ہوئے کہا کہ محنت، مستقل مزاجی اور قرآنِ کریم سے مضبوط تعلق ہی حقیقی کامیابی کی کنجی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ دسویں جماعت کے بعد جامعہ اسلامیہ میں حفظِ قرآن مکمل کیا، پھر اعلیٰ دینی و عصری تعلیم کے ساتھ فنِ قرأت میں تخصص حاصل کیا، اور آج تک 42 اسکولوں میں قرآنی تربیتی پروگرام جبکہ تقریباً 350 مواقع پر حسنِ قرأت کا مظاہرہ پیش کرنے کی سعادت حاصل کر چکے ہیں۔
اس موقع پر انہوں نے طلبہ کو حسنِ قرأت کے بنیادی اصول، مخارج، تجوید اور آواز کی ادائیگی کے عملی طریقے بھی سکھائے اور مختصر عملی مشق کرائی۔ انہوں نے کہا کہ "اگر آج کی اس نشست سے ایک یا دو طلبہ بھی قرأت کی طرف راغب ہو جائیں تو میں اسے اپنی آخرت کی بڑی کامیابی سمجھوں گا۔” انہوں نے اپنے طالب علمی کے دور کا ایک واقعہ بیان کرتے ہوئے کہا کہ ایک مرتبہ اسکول میں پڑھنے کے زمانےمیں ایک قاری صاحب تشریف لائے تھے، جن کی عملی تربیت نے ان کے دل میں قاری بننے کا جذبہ پیدا کیا۔ انہوں نے طلبہ کو تلقین کی کہ قرآنِ کریم سے محبت پیدا کریں، کیونکہ قرآن سے تعلق ایمان کی علامت، اللہ تعالیٰ کی محبت حاصل کرنے کا ذریعہ اور دنیا و آخرت کی کامیابی کی ضمانت ہےاسی قرآن کی بدولت مٰن دینی ودنیوی دونوں علم سے مالامال ہواہوں
پروگرام کا آغاز اسکول کے طلباٗ محمد صومان کی تلاوتِ کلامِ پاک اور عبدالقادر کی نعتِ رسولِ مقبول ﷺ سے ہوا۔ مہمانِ خصوصی کا تعارف و استقبال ڈاکٹر عبدالحفیظ ندوی نے پیش کیا، جبکہ صدرِ مدرس نور محمد نے اظہارِ تشکر کیا۔ آخر میں قاری حافظ حماد پلور کی دعا پر روح پرور محفل اختتام پذیر ہوئی۔ نظامت کے فرائض ڈاکٹر عبدالحفیظ ندوی نے انجام دیے۔




