منگلورو(فکروخبرنیوز) ریاست کرناٹک میں ہوٹلوں اور ریستورانوں میں کھانا پکانے کے تیل کے بار بار استعمال سے انسانی صحت کو لاحق خطرات کو روکنے کے لیے ریاستی حکومت ایک نیا ڈیجیٹل نظام متعارف کرانے کی تیاری کر رہی ہے۔ اس منصوبے کو آئندہ تین ماہ کے اندر پائلٹ پروجیکٹ کے طور پر ریاست کے چار بڑے شہروں منگلورو، بنگلورو، میسورو اور ہبلی میں نافذ کیا جائے گا۔
منگلورو کے ڈپٹی کمشنر دفتر میں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے ریاست کے وزیر صحت یو ٹی قادر نے اس منصوبے کی تفصیلات فراہم کیں۔ انہوں نے بتایا کہ اس اقدام کے تحت ایک خصوصی موبائل ایپلیکیشن تیار کی جا رہی ہے، جس کے ذریعے ہوٹل اور ریستوران مالکان حکومت سے منظور شدہ کمپنیوں سے رابطہ کر کے اپنا استعمال شدہ تیل فروخت کر سکیں گے۔
وزیر صحت نے کہا کہ اس ڈیجیٹل پلیٹ فارم کی مدد سے حکام کو ہوٹلوں میں استعمال ہونے والے تیل کی مقدار پر نظر رکھنے میں آسانی ہوگی، جبکہ دوسری جانب استعمال شدہ تیل کی فروخت سے ہوٹل مالکان کو اضافی آمدنی کا ذریعہ بھی میسر آئے گا۔ جمع کیے گئے اس تیل کو بائیو ڈیزل، ہوائی جہاز کے ایندھن (ایوی ایشن فیول) اور صابن تیار کرنے والی کمپنیاں استعمال کریں گی۔
یو ٹی قادر نے مزید بتایا کہ ہوائی جہاز کمپنیوں کو اس تیل کی فراہمی میں آسانی پیدا کرنے کے لیے ریاستی حکومت درآمدی پالیسی میں نرمی کی درخواست کے ساتھ مرکزی حکومت کو خط لکھنے کا ارادہ رکھتی ہے۔ اس کے علاوہ مذہبی رسومات کے دوران چراغ جلانے کے لیے استعمال ہونے والے تیل کے متبادل انتظامات پر بھی غور کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے یہ بھی اشارہ دیا کہ اگلے مرحلے میں حکومت گھروں سے بھی استعمال شدہ کوکنگ آئل جمع کرنے اور خریدنے کی اسکیم پر غور کر رہی ہے۔
اسی پریس کانفرنس کے دوران میسورو میں حضرت ٹیپو سلطانؒ کے مقبرے پر اپنی حالیہ حاضری سے متعلق صحافیوں کے ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے یو ٹی قادر نے واضح کیا کہ ان کے اس دورے کا یہ مطلب ہرگز نہیں ہے کہ ریاستی حکومت ٹیپو جینتی منانے کا ارادہ رکھتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ انہوں نے بحیثیت وزیر اور ایک سیاح کے طور پر ٹیپو سلطانؒ کے مقبرے اور رنگناتھ سوامی مندر دونوں مقامات کا دورہ کیا تھا۔ وزیر صحت نے الزام عائد کیا کہ محض مقبرے پر ان کی آمد کو اچھال کر گمراہ کن پروپیگنڈہ کیا جا رہا ہے۔




