بھٹکل(پریس ریلیز) آل انڈیا آئیڈیل ٹیچرس اسوسی ایشن (AIITA) کرناٹک کی جانب سے ریاست بھر میں 20 نومبر سے 20 دسمبر تک ایک ماہ پر مشتمل رکنیت سازی مہم چلائی جائے گی۔ اس مہم کے سلسلے میں ریاست کے مختلف اضلاع میں خصوصی پوسٹرس کا اجراء عمل میں آیا۔
بھٹکل کے دعوت سینٹر میں منعقدہ ایک تقریب میں مہم کا پوسٹر جاری کرتے ہوئے تربیت ایجوکیشن سوسائٹی کے نائب صدر ضیاء الرحمن رکن الدین نے کہا کہ اساتذہ کا متحد ہوکر تعلیمی اداروں اور طلبہ کی فلاح و بہبود کے لیے کام کرنا قابلِ ستائش ہے۔ انہوں نے کہا کہ اساتذہ کو ایک پلیٹ فارم پر جمع کرنے اور ان کی پیشہ ورانہ و سماجی ذمہ داریوں کو مستحکم بنانے میں AIITA اہم کردار ادا کر رہی ہے۔
AIITA کرناٹک کے ریاستی صدر محمد رضا مانوی نے اپنے خطاب میں کہا کہ تنظیم ملک اور معاشرے کی تعلیمی و اخلاقی تعمیرِ نو کے مقصد کے تحت سرگرم عمل ہے۔ تعلیمی اداروں میں بہتر تعلیمی اور اخلاقی ماحول کو فروغ دینا اور تعلیم کو جہالت و توہم پرستی کے اثرات سے پاک کرنا تنظیم کے بنیادی مقاصد میں شامل ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ اساتذہ کے علم، فکر، تکنیکی مہارت، اخلاقی اقدار اور پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو فروغ دینے کے ساتھ طلبہ کی فکری و اخلاقی رہنمائی بھی تنظیم کی سرگرمیوں کا اہم حصہ ہے۔
AIITA کے ریاستی سکریٹری یاسین بھکبا نے اپنے خطاب میں کہا کہ مسلم معاشرے میں تعلیمی ترقی کو مزید ترجیح دینے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے ریاست کے سرکاری، نیم سرکاری اور نجی تعلیمی اداروں میں خدمات انجام دینے والے تمام اساتذہ سے اپیل کی کہ وہ اس رکنیت سازی مہم میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیں اور AIITA کی رکنیت حاصل کریں۔ انہوں نے کہا کہ اساتذہ کے وقار میں اضافہ، نئی نسل کی بہتر رہنمائی اور ایک مثالی تعلیمی معاشرے کی تشکیل کے لیے اساتذہ کو تنظیمی جدوجہد میں اپنا تعاون پیش کرنا چاہیے۔
اس موقع پر AIITA شمالی کنڑا ضلعی یونٹ کے صدر علی منیگار، جماعت اسلامی ہند بھٹکل کے صدر مولانا سید زبیر ایس ایم اور AIITA بھٹکل تعلقہ یونٹ کے صدر محمد صادق موجود تھے۔




