بھٹکل (فکروخبر نیوز) 19 نومبر 2026 بروز جمعرات ہیومن ویلفیئر ٹرسٹ مرڈیشور کے زیر انتظام ادارہ ادب اسلامی ہند بھٹکل اور محفل شعر و ادب کے اشتراک سے ایک شاندار ادبی تقریب کا انعقاد عمل میں آیا جس میں مولانا ذکوان نابغ بلگی ندوی کی انکے مبسوط و تحقیقی مقالہ کی اشاعت پر تہنیت کے ساتھ ساتھ خوبصورت محفل مشاعرہ بھی سجائی گئی ۔اس ادبی تقریب کا نثری حصہ جناب ڈاکٹر امین الدین صاحب کی صدارت میں منعقد ہوا، جس میں بطور مہمان خصوصی امیر مقامی جناب مولانا زبیر مارکیٹ نے شرکت کی اور مختصر خطاب بھی فرمایا ۔ مولانا محمد شقران خان ندوی نے نظامت کی ذمہ داری نبھائی اور ادارہ ہیومن ویلفیئر ٹرسٹ مرڈیشور اور اس کی تعلیمی و رفاہی خدمات کا جامع تعارف بھی کرایا ۔بعد ازاں شہر بھٹکل سے تشریف لائے ہوئے ملک کے مشہور و معروف اور کرناٹکا اردو اکیڈیمی سے اوارڈ یافتہ شاعر ڈاکٹر محمد حنیف شباب صاحب کی صدارت میں محفل مشاعرہ منعقد ہوئی ، جس کی نظامت کی ذمہ داری مولانا سید سالک برماور ندوی صاحب نے بحسن خوبی انجام دی ۔ مقامی شعرا میں مولانا عبدالرحیم وفا گنگاولی ، جناب محمد عمران جدہ ، اور مولانا محمد شقران خان غازی ندوی کے علاوہ مہمان شعرا میں جناب ڈاکٹر محمد حنیف شباب، جناب اقبال سعیدی، جناب مولانا سید سالک برماور ندوی، مولانا عبدالعلیم شاد جامعی ، مولانا رائف کولا فاتح بھٹکلی وغیرہ نے اپنے کلام سے سامعین کو محفوظ کیا ۔مولوی عاصم گنگاولی کی تلاوت کلام پاک سے شروع ہونے والی اس تقریب کے دوران خوش نوا عارب حسن کوٹیشور نے نعتیہ اشعار گنگناتے ہوئے بارگاہِ رسالت میں گلہائے عقیدت پیش کئے ، مشاعرہ کو کامیاب بنانے کے لیے ادارہ ادب اسلامی بھٹکل اور محفلِ شعر وادب کے اشتراک کے ساتھ ساتھ شہر مرڈیشور کے رضاکاروں میں جناب عبدالکبیر گوڑا صاحب، حافظ محمد سعدان خان ، جناب عبدالکریم منا صاحب ، جناب محمد ریان خان اور عبدالمقسط منا نیز جناب دانیال منا اور ان پوری ٹیم نے کافی اہم رول ادا کیا ،مشاعرہ کے بعد ادارہ کے کلیدی ذمہ داران کے ہاتھوں شعراء کی خدمت میں مومینٹو اور ہدیہ پیش کیا گیا، اور جناب ڈاکٹر امین الدین صاحب کے شکریہ کے بعد پر تکلف تواضع پر یہ محفل اختتام پذیر ہوئی ۔
واضح رہے کہ اس مشاعرہ کی لائیو(راست) نشریات کائکنیس آنلائن مرڈیشور کے یوٹیوب چینل پر کی گئی گئی تھی۔





