دھولیہ: معروف و جید عالم دین مولانا خلیل الرحمٰن سجاد نعمانی نے کہا ہے کہ اسلام نے عورت کو انتہائی بلند مقام عطا کیا ہے اور تاریخ کے ہر دور میں اسلامی تہذیب و تمدن کی حفاظت خواتین نے بڑی ذمہ داری اور استقامت کے ساتھ انجام دی ہے۔ وہ ہفتہ 14 نومبر کو مہاراشٹر کے شہر دھولیہ میں واقع مدرسہ فلاح دارین کے وسیع میدان میں خواتین کے ایک عظیم الشان اصلاحی جلسے سے خطاب کر رہے تھے۔
‘عظمت نسواں، فکری بیداری اور عملی لائحہ عمل’ کے عنوان سے منعقدہ اس خصوصی اجتماع میں عالمات، معلمات، ڈاکٹرز، دانشور خواتین اور کالج و یونیورسٹی کی طالبات کی بڑی تعداد شریک ہوئی۔ مولانا سجاد نعمانی نے قرآنی آیات کی روشنی میں خواتین کی ذمہ داریوں پر تفصیلی روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ انبیاء، اولیاء اور تاریخ ساز شخصیات کی کردار سازی میں ماں کی تربیت کا بنیادی حصہ رہا ہے۔ انہوں نے امام ابو حنیفہ، امام بخاری اور مولانا الیاس جیسی عبقری شخصیات کی مثالیں پیش کرتے ہوئے واضح کیا کہ دنیا میں بھلائی پھیلانے والے ہر بڑے کارنامے کے پیچھے ایک باشعور ماں کا کردار کارفرما ہوتا ہے۔
اعلیٰ تعلیم حاصل کرنے والی طالبات کو مخاطب کرتے ہوئے مولانا نے موجودہ پرفتن دور کے چیلنجز سے خبردار کیا اور انہیں اسلامی تہذیب و اقدار کا دامن تھام کر تعلیم جاری رکھنے کی تلقین کی۔ انہوں نے طالبات کو مشورہ دیا کہ وہ مغربی تہذیب کی اندھی تقلید کے بجائے امہات المومنین، صحابیات اور اسلامی تاریخ کی عظیم خواتین کو اپنا آئیڈیل بنائیں۔ حضرت ہاجرہ علیہا السلام کے صبر و توکل کا تذکرہ کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ان کی ممتا کی تڑپ اور ایمان و یقین کے طفیل امت کو زم زم اور صفا و مروہ جیسی عظیم نشانیاں نصیب ہوئیں۔
معاشرے کی اصلاح میں مرد و زن کے مشترکہ کردار کو ناگزیر قرار دیتے ہوئے مولانا سجاد نعمانی نے کہا کہ جب تک مرد اور عورت نے مل کر سماج کو سنوارنے اور ظلم کا مقابلہ کرنے کی کوشش کی، حالات بہتر رہے، لیکن جب سے خواتین نے اپنی ذمہ داریوں سے پیچھے ہٹ کر تمام بوجھ مردوں پر ڈال دیا ہے، تب سے معاشرہ کئی طرح کے مسائل اور دباؤ کا شکار ہو گیا ہے۔
انہوں نے خواتین کو گھر کا ماحول خوشگوار رکھنے کے لیے حیا کا دامن تھامنے، سسرال والوں کا احترام کرنے، فضول بحث سے بچنے اور درگزر کی عادت اپنانے کا مشورہ دیا۔ انہوں نے شادی بیاہ کی تقریبات میں بڑھتی ہوئی فضول خرچی اور غیر شرعی خرافات کے خاتمے پر بھی زور دیا اور سرکردہ خواتین سے اپیل کی کہ وہ اصلاحی مجالس کے ذریعے ایک صحت مند معاشرے کی تشکیل میں اپنا کردار ادا کریں۔
یہ اصلاحی اجتماع جمعیۃ علماء ضلع دھولیہ کے صدر اور مدرسہ فلاح دارین کے مہتمم مفتی سید محمد قاسم جیلانی کی سرپرستی میں منعقد ہوا، جس کے اختتام پر مولانا کی رقت آمیز دعا میں ملک و ملت کی فلاح و سلامتی کے لیے خصوصی دعائیں مانگی گئیں۔




