بنگلورو (فکروخبر نیوز) کرناٹک کے وزیر اعلیٰ ڈی کے شیوکمار نے ہفتے کے روز ریاست کے عوام کو 80ویں یومِ آزادی کی مبارکباد پیش کرتے ہوئے ریاست میں امن، رواداری، فرقہ وارانہ ہم آہنگی اور ہمہ گیر ترقی کو یقینی بنانے کے عزم کا اظہار کیا۔
بنگلورو کے سداشیو نگر میں واقع اپنی رہائش گاہ پر قومی پرچم لہرانے کے بعد صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ نے کہا کہ انہیں وزیر اعلیٰ اور عوامی خادم کی حیثیت سے قومی پرچم لہرانے کا موقع ملا ہے۔ انہوں نے کہا کہ وہ معاشرے کے تمام طبقات کو ساتھ لے کر چلنے کی کوشش کریں گے اور آنے والے دنوں میں ریاست میں امن، رواداری اور فرقہ وارانہ ہم آہنگی کو یقینی بنانے کے لیے کام کریں گے۔
ڈی کے شیوکمار نے کرناٹک اور ملک کے عوام کو یومِ آزادی کی مبارکباد پیش کرتے ہوئے ان رہنماؤں اور مجاہدینِ آزادی کو بھی خراجِ عقیدت پیش کیا جن کی قربانیوں نے ملک کے اتحاد، سالمیت اور جمہوری اقدار کے تحفظ میں اہم کردار ادا کیا۔




