بھٹکل (فکروخبر نیوز) انجمن حامیِ مسلمین بھٹکل کے ‘انجمن انسٹی ٹیوٹ آف مینجمنٹ اینڈ کمپیوٹر ایپلی کیشن’ (AIMCA) بھٹکل کی طالبات نے ایک بار پھر تعلیمی میدان میں ادارے کی شاندار روایت کو برقرار رکھتے ہوئے زبردست کامیابی حاصل کی ہے۔ کرناٹک یونیورسٹی دھارواڑ کی جانب سے منعقدہ بی بی اے (B.B.A) سمسٹر امتحانات کے نتائج میں کالج کی تین طالبات نے یونیورسٹی سطح پر رینکس حاصل کر کے پورے علاقے کا سر فخر سے بلند کر دیا ہے۔
موصولہ پریس ریلیز کے مطابق محترمہ رحاب بنت جمیل حسین فکردے نے 4300 میں سے 4015 نمبرات (93.37 فیصد) حاصل کر کے پوری یونیورسٹی میں دوسری رینک (Second Rank) حاصل کرنے کا اعزاز حاصل کیا۔ اسی طرح محترمہ الرفا بنت باوا امیر نے 3969 نمبرات (92.30 فیصد) کے ساتھ چھٹی رینک (Sixth Rank) جبکہ محترمہ حورابی بنت ابراہیم شیخ نے 3967 نمبرات (92.26 فیصد) کے ساتھ ساتویں رینک (Seventh Rank) اپنے نام کی۔ اس شاندار کامیابی کے ساتھ ہی AIMCA بھٹکل کے اب تک درج یونیورسٹی رینکس کی مجموعی تعداد بڑھ کر 21 ہو گئی ہے۔
ادارے کی انتظامیہ کے مطابق یہ شاندار کامیابی طالبات کی انتھک محنت، اساتذہ کی سرپرستی اور والدین کی مسلسل دعاؤں کا نتیجہ ہے۔ اس تاریخ ساز کامیابی پر انجمن حامیِ مسلمین بھٹکل کے عہدیداران، کالج پرنسپل، تدریسی و غیر تدریسی عملے نے تمام رینک ہولڈر طالبات اور ان کے سرپرستوں کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے ان کے روشن مستقبل کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا ہے۔




