بھٹکل (فکروخبر نیوز) ملک کے 80ویں یومِ آزادی کے موقع پر آج بھٹکل میں بھی قومی جذبے اور جوش و خروش کے ساتھ آزادی کا جشن منایا گیا۔ شہر کے مختلف تعلیمی اداروں، مدارس، سرکاری دفاتر، کھیل مراکز، سماجی و ملی تنظیموں اور دیگر اداروں میں خصوصی تقریبات منعقد ہوئیں اور ترنگا لہرایا گیا۔
بھٹکل کے وائی ایم ایس اے گراؤنڈ واقع تعلقہ اسٹیڈیم میں اسسٹنٹ کمشنر جے مہیش نے قومی پرچم لہرایا، جبکہ سٹی میونسپل کونسل کے دفتر میں میونسپل کمشنر بابا صاحب مانے نے پرچم کشائی کی۔
جامع اسلامیہ بھٹکل میں مولانا عبدالعلیم قاسمی نے پرچم کشائی کی، مجلس اصلاح و تنظیم بھٹکل کی تقریب میں صدر عنایت اللہ شابندری نے ترنگا لہرایا، انجمن حامیِ مسلمین بھٹکل کے زیرِ انتظام آئی اے یو ایچ ایس گراؤنڈ (انجمن گراؤنڈ) میں مشترکہ یومِ آزادی تقریب منعقد ہوئی، جس میں انجمن کے صدر یونس قاضیا نے قومی پرچم لہرایا۔ انجمن کے تحت مختلف اداروں میں الگ الگ پرچم کشائی کے بعد مرکزی تقریب میں شرکت کی گئی۔
شہر کے دیگر تعلیمی اداروں میں بھی یومِ آزادی کی تقریبات منعقد ہوئیں۔ علی پبلک اسکول و پی یو کالج میں مولانا تنویر جوشیدی ندوی، شمس اسکول و پی یو کالج میں جناب مزمل رکن الدین اور انجمن پی یو کالج میں کالج بورڈ کے سکریٹری فیاض کولا نے ترنگا لہرایا۔ انجمن بوائز ہائی اسکول میں ہیڈ ماسٹر عبداللہ عمر رکن الدین کی نگرانی میں تقریب منعقد ہوئی۔ مدرسہ عربیہ تعلیم القرآن تینگن گنڈی میں حافظ شبیر ڈانگی نے پرچم کشائی اس کے علاوہ سرکاری دفاتر، پولیس محکمہ، اسسٹنٹ کمشنر دفتر، محکمہ جنگلات، ٹیکسی و آٹو یونینوں، کھیل مراکز اور مختلف سماجی تنظیموں کی جانب سے بھی یومِ آزادی کے پروگرام منعقد کیے گئے۔
تقریبات میں بچوں اور طلبہ نے بھی بھرپور حصہ لیا۔ کئی مقامات پر بچے ترنگے کے رنگوں کے لباس میں نظر آئے جبکہ طلبہ نے ہاتھوں میں قومی پرچم اٹھا کر حب الوطنی کا اظہار کیا۔ آج صبح سے وقفہ وقفہ سے جاری بارش اور خراب موسم کے باوجود مختلف مقامات پر لوگوں نے جوش و خروش کے ساتھ تقریبات میں شرکت کی۔ شہر کے کئی علاقوں میں قومی پرچم اور رنگ برنگی جھنڈیوں سے سجاوٹ بھی کی گئی۔ یومِ آزادی کی ان تقریبات میں بھٹکل کے مختلف طبقات کی شرکت نے شہر کے قومی جذبے اور اتحاد کی خوبصورت تصویر پیش کی۔




