کاروار: کرناٹک کے وزیر برائے ضلعی انچارج یو ٹی قادر نے واضح کیا ہے کہ کسی بھی قدرتی آفت یا بحرانی صورتحال میں عوام کی تکالیف پر فوری ردِعمل ظاہر کرنا اور انہیں راحت پہنچانا ریاستی حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ وہ سنیچر کو کاروار کے ڈپٹی کمشنر (ڈی سی) آفس میں قدرتی آفات سے نمٹنے کی تیاریوں اور مختلف محکموں کے ترقیاتی کاموں کا جائزہ لینے کے لیے منعقدہ ایک اعلیٰ سطح کی میٹنگ کی صدارت کر رہے تھے۔
ساحلی کرناٹک میں جاری مانسون کے چیلنجز کا ذکر کرتے ہوئے وزیر موصوف نے ضلعی انتظامیہ کو مکمل طور پر مستعد رہنے کی ہدایت دی۔ انہوں نے سخت لہجے میں انتباہ دیا کہ سیلاب، لینڈ سلائیڈنگ یا مکانات کو نقصان پہنچنے کی صورت میں افسران فوری طور پر جائے وقوعہ کا دورہ کریں اور متاثرین میں فوری امدادی رقم تقسیم کریں۔ معاوضے کی فراہمی میں کسی بھی قسم کی تاخیر کو برداشت نہیں کیا جائے گا اور متعلقہ اہلکاروں کے خلاف تادیبی کارروائی کی جائے گی۔ یو ٹی قادر نے مزید کہا کہ مانسون کے دوران وبائی امراض سے نمٹنے کے لیے محکمہ صحت الرٹ رہے اور ضرورت پڑنے پر سبکدوش ڈاکٹروں کی خدمات بھی حاصل کی جائیں۔ انہوں نے زراعت اور ریونیو محکموں کو فصلوں کے نقصان کا مشترکہ سروے کرنے کی ہدایت دی۔ اس موقع پر ڈی سی کے لکشمی پریا نے بتایا کہ ضلع میں 24 گھنٹے فعال کنٹرول روم قائم کر دیے گئے ہیں اور 294 ریلیف کیمپ بھی خدمات کے لیے تیار ہیں۔




