بھٹکل (فکروخبر نیوز) ملک بھر کی طرح ساحلی کرناٹک کے معروف شہر بھٹکل میں بھی یکم جولائی کو ’’یومِ صحافت‘‘ جوش و خروش کے ساتھ منایا گیا۔ اس موقع پر بھٹکل تعلقہ ورکنگ جرنلسٹس ایسوسی ایشن (کرناٹک) کے زیرِ اہتمام نیو انگلش اسکول اینڈ کالج کے ہال میں ایک پروقار تقریب منعقد ہوئی، جس میں صحافیوں، تعلیمی و سماجی شخصیات اور طلبہ کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔
تقریب کی صدارت ایسوسی ایشن کے صدر موہن نایک نے کی، جبکہ ضلع اتر کنڑ ورکنگ جرنلسٹس ایسوسی ایشن کے نائب صدر ماروتی نایک مہمانِ خصوصی کے طور پر شریک ہوئے۔ انجمن ڈگری کالج اینڈ پی جی سینٹر کے سابق پرنسپل جناب ضمیر اللہ شریف اور نیو انگلش اسکول کے پرنسپل بھی مہمانانِ خصوصی میں شامل تھے۔
اس موقع پر ہر سال کی روایت کے مطابق سماج کے مختلف شعبوں میں نمایاں خدمات انجام دینے والی شخصیات کی تہنیت کی گئی۔ یوگا کے میدان میں خدمات انجام دینے والے معروف سماجی کارکن گووند گروجی کو شال پوشی اور تہنیتی سند پیش کرکے ان کی خدمات کا اعتراف کیا گیا۔ اسی طرح روزانہ عوام تک اخبارات پہنچانے کی خدمت انجام دینے والے منجوناتھ دیوڑیگا کو بھی شال اور تہنیتی سند کے ذریعے اعزاز سے نوازا گیا۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مقررین نے صحافت کی اہمیت، ذمہ دارانہ رپورٹنگ، جمہوری نظام میں میڈیا کے کردار اور معاشرے کی تعمیر میں صحافیوں کی ذمہ داریوں پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے کہا کہ صحافت صرف خبر رسانی کا نام نہیں بلکہ عوامی شعور بیدار کرنے اور سماج کی رہنمائی کا مؤثر ذریعہ بھی ہے۔
تقریب میں موجود طلبہ نے مقررین کے خیالات سے استفادہ کیا، جبکہ صحافتی برادری نے معاشرے کے تئیں اپنی ذمہ داریوں کو مزید خلوص اور دیانت داری کے ساتھ ادا کرنے کے عزم کا اظہار کیا۔




