بھٹکل (فکروخبرنیوز) حنیف آباد کے رہائشیوں نے برسوں سے خستہ حال سڑک کے مسئلہ کے حل کے لیے سڑک کی مرمت کا کام انجام دیا ہے۔ جامعہ آباد روڈ سے مسجدِ منیری، حنیف آباد تک جانے والی سڑک پر گڈھوں کی بھرمار تھی جس کے باعث مقامی عوام، اسکولی بچوں اور راہگیروں کو روزانہ آمد و رفت میں شدید دشواریوں کا سامنا کرنا پڑ رہا تھا۔
خصوصاً بارش کے موسم میں سڑک پر بننے والے گہرے گڑھوں میں پانی جمع ہوجانے سے صورتحال مزید سنگین ہو جاتی تھی۔ موٹر سائیکل سواروں اور دیگر گاڑیوں کے لیے اس راستے سے گزرنا خطرے سے خالی نہیں تھا، جبکہ روزانہ آنے جانے والے افراد کو شدید مشکلات اور جھٹکوں کا سامنا کرنا پڑتا تھا۔
کئی سال سے جب اس مسئلہ کو کوئی حل نہیں نکلا تو حنیف آباد، بالخصوص مسجدِ منیری کے اطراف کے مکینوں نے خود ہی سڑک کی مرمت کا فیصلہ کیا۔ مقامی افراد نے اپنی ذاتی رقم سے سیمنٹ اور دیگر ضروری سامان فراہم کرکے سڑک کے گڑھوں کو بھرنے کا کام انجام دیا، جس کے نتیجہ میں اب سڑک کی حالت میں نمایاں بہتری آئی ہے اور آمد و رفت نسبتاً آسان ہو گئی ہے۔
امید کی جارہی ہے کہ مقامی لوگوں کے اس اقدام کے بعد متعلقہ حکام سڑک کی مرمت کی طرف توجہ دیں گے۔




