ناگپور کے عمید خان نے نیٹ میں آل انڈیا ۲۱؍ واں رینک حاصل کیا

ناگپور کے محمد عمید خان نے نیٹ یو جی امتحان میں شاندار کامیابی درج کرتے ہوئے ملک گیر سطح پر ۲۱؍ واں رینک حاصل کیا ہے۔ محمد عمید نے ایلین کوچنگ انسٹی ٹیوٹ، ناگپور سے نیٹ کی تیاری کی ہے۔ جبکہ ۸؍ ویں تا ۱۲؍ ویں کی تعلیم انڈین اولمپیاڈ اسکول ناگپور سے حاصل کی تھی۔ عمید خان نے ۶۶۶؍ مارکس حاصل کئے اور ۲۱؍ ویں نمبر پر رہے۔ اب وہ ایمس، دہلی سے ایم بی بی ایس کرنے کے خواہشمند ہیں۔ عمید نے اس سے قبل ۱۰؍ ویں میں ۹۵ء۶؍ فیصد اور ۱۲؍ ویں (سائنس) میں بھی کم و بیش اتنے ہی مارکس حاصل کئے تھے۔ عمید خان نے انقلاب سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ’’مَیں نے منصوبہ بندی کے ساتھ پڑھائی کی اور اپنے ہدف کو پانے کیلئے خوب محنت کی، مَیں نے انڈین اولمپیاڈ اسکول اور کالج سے تعلیم حاصل کی مگرنیٹ امتحان کی تیاری ایلین ناگپور سے کی ہے۔ مَیں اپنی پڑھائی کے شیڈول پر سختی کے ساتھ قائم رہتا تھا۔ کوچنگ کے بعد روزانہ کا اعادہ، ڈاؤٹ کلیرنس اور اسکے بعد ماک امتحان کا مجھے بہت فائدہ ہوا۔ ‘‘ 
عمید کے والدین اور بھائیوں کی مسلسل رہنمائی اُن کی کامیابی کی ضامن بنی۔ اُن کے والد فرقان خان سول انجینئر ہیں اور والدہ شاہین خان خاتون خانہ ہیں جبکہ بڑے بھائی عدیل خان پیشہ سے انجینئر اور ان سے چھوٹے بھائی اریب خان نےایم بی بی ایس مکمل کیا ہے، ان کی انٹرشپ جاری ہے۔ عمید نے نیٹ سے قبل جے ای ای کا مینس امتحان بھی کوالیفائی کیا مگر ان کا ہدف طب کے ذریعے خدمت خلق ہے اسلئے اسی میں اپنا کرئیر بنانے کا فیصلہ کیا اور بالآخر اپنے ہدف کو پالیا۔ اُنہوں نے طلبہ کے نام پیغام میں کہا کہ یہ نیٹ مشکل امتحان ہے لیکن نظم و ضبط، سخت محنت اور مستقل مزاجی کے آگے کچھ نہیں۔ انڈین اولمپیاڈ اسکول کے ڈائرکٹر سہیل خان نے انقلاب کو بتایاکہ ’’یہ طالب علم ہمارے اسکول اور کالج کے تمام طلبہ کیلئے ایک تحریک ہے اور اس بات کا ثبوت ہے کہ عزم اور نظم و ضبط بڑی سے بڑی کامیابی کی کنجی ہے۔ ‘‘

مغربی بنگال کے چار شہری زبردستی بنگلہ دیش بھیجے گئے، بعد میں واپس لائے گئے!

مسلم مخالف تقریر کے الزام میں گھرے جج کو بچانے کا الزام