ممبئئ (فکروخبرنیوز) بچوں کے مقبولِ عام رسالہ گل بوٹے کے بانی و مدیر، معروف صحافی، ادیب اور بہترین نظامت کار فاروق سید کے انتقال پر گہرے رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے فیملی فرسٹ گائیڈنس سینٹر کے بانی و ڈائریکٹر مفتی اشفاق قاضی نے کہا کہ مرحوم کا انتقال ذاتی خسارہ ہے، وہ نہایت نیک سیرت، ملنسار، خوش اخلاق اور بامروت انسان تھے، انہوں نے نصف صدی تک اردو زبان و ادب کی بے لوث خدمت انجام دی، مفتی اشفاق قاضی نے اپنے تعزیتی بیان میں کہا کہ فاروق سید مرحوم سے کئی مواقع پر ملاقات کا شرف حاصل ہوا، وہ ہمیشہ خندہ پیشانی، محبت بھرے انداز اور شفقت کے ساتھ ملتے تھے، ان کی گفتگو میں سنجیدگی، اخلاص اور تجربے کی روشنی نمایاں ہوتی تھی، وہ نہ صرف اپنے مفید مشوروں سے رہنمائی کرتے بلکہ نوجوان قلمکاروں اور صحافت سے وابستہ افراد کی حوصلہ افزائی بھی فرمایا کرتے تھے، انہوں نے کہا کہ متعدد پروگراموں میں مرحوم کی نظامت سننے اور ان کے ساتھ اسٹیج شیئر کرنے کا موقع ملا، ان کا اندازِ نظامت نہایت شائستہ، باوقار اور دلنشیں ہوتا تھا، نپے تلے الفاظ، مسحور کن آواز اور بہترین اندازِ بیان سے وہ سامعین پر سحر طاری کر دیا کرتے تھے، یہی وجہ تھی کہ وہ علمی، ادبی اور صحافتی حلقوں میں یکساں طور پر قدر کی نگاہ سے دیکھے جاتے تھے، مفتی اشفاق قاضی نے مزید کہا کہ فاروق سید جہاں بڑوں میں بے حد مقبول تھے وہیں بچوں میں بھی غیر معمولی شہرت رکھتے تھے،ان کی ادارت میں شائع ہونے والا رسالہ گل بوٹے بچوں کی ذہنی، اخلاقی اور ادبی تربیت کا ایک اہم ذریعہ بن گیا تھا اور پورے ملک میں اپنی منفرد شناخت قائم کر چکا تھا، مرحوم نے بچوں کے ادب کو فروغ دینے میں جو خدمات انجام دیں وہ ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی، مفتی اشفاق قاضی نے بتایا کہ مرحوم گزشتہ دو ماہ سے علیل تھے اور منگل کی شام اپنے خالقِ حقیقی سے جا ملے، ان کے انتقال سے اردو صحافت، ادب اور بچوں کی دنیا ایک مخلص و بے لوث اردو خادم سے محروم ہوگئی ہے، مفتی اشفاق قاضی نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ مرحوم کی کامل مغفرت فرمائے، ان کی خدمات کو شرفِ قبولیت عطا کرے، پسماندگان کو صبرِ جمیل نصیب فرمائے اور ان کے ذریعے جاری ادبی و صحافتی مشن خصوصاً رسالہ گل بوٹے کو جاری و ساری رکھے۔ آمین۔
(موصولہ نیوز)




