صدیق کپن کی عرضی پر عدالت نے یوپی حکومت سے طلب کیا جواب

سپریم کورٹ نے منگل کے روز کیرالہ سے تعلق رکھنے والے صحافی صدیق کپن کی درخواست پر اتر پردیش حکومت سے جواب طلب کیا ہے۔درصل صدیق کپن نے  ضمانت کی شرط میں ہر ہفتے پولیس کو رپورٹ کرنے کی ہدایت پر نرمی کی درخواست کی ہے۔ اسی درخواست کے تناظر میں عدالت عظمیٰ نے یوپی حکومت سے جواب طلب کیا ہے۔

جسٹس پی ایس کی بنچ نرسمہن اور آر مہادیون نے ریاست سے کہا کہ وہ دو ہفتوں کے اندر اپنا جواب داخل کرے۔ کپن کو اکتوبر 2020 میں ہاتھرس، اتر پردیش جاتے ہوئے گرفتار کیا گیا تھا، جب ایک دلت خاتون کی مبینہ اجتماعی عصمت دری کے بعد موت ہوگئی تھی۔

9 ستمبر 2022 کو، سپریم کورٹ نے آزادی اظہار کے حق پر زور دیتے ہوئے، تقریباً دو سال جیل میں گزارنے والے کپن کو ضمانت دے دی۔ ضمانت کی شرائط میں چھ ہفتے دہلی میں رہنا اور نظام الدین پولیس اسٹیشن میں ہفتہ وار رپورٹ کرنا شامل تھا۔ چھ ماہ کے بعد، انہیں اسی طرح کی رپورٹنگ کی شرائط کے تحت اپنے آبائی علاقے ملاپورم، کیرالہ واپس جانے کی اجازت دی گئی۔

ایف آئی آر انڈین پینل کوڈ اور غیر قانونی سرگرمیاں (روک تھام) ایکٹ (یو اے پی اے) کی مختلف دفعات کے تحت درج کی گئی تھی، جس میں کپن اور دیگر کو پاپولر فرنٹ آف انڈیا (پی ایف آئی) سے جوڑ دیا گیا تھا۔ پولیس نے ان پر ہاتھرس میں بدامنی پھیلانے کی کوشش کرنے کا الزام  عائد کیا تھا۔