مہاراشٹرا حکومت نے گائے کو”راجیہ ماتا” کا درجہ دیا

ممبئی: مہاراشٹر کی مہا یوتی حکومت نے گائے کو راجیہ ماتا، گو ماتا کا درجہ دے دیا ہے۔ واضح رہے مختلف ہندو تنظیموں کی جانب سے گائے کو قومی جانور کا درجہ دینے کا مطالبہ بہت پہلے سے کیا جاتا رہا ہے۔ گو رکشکوں کی جانب سے گائے کو لے کر کئی مرتبہ پر تشدد کارروائیوں کو انجام دیا جا چکا ہے۔ گائے کے نام پر ملک میں ماب لنچنگ کے کئی واقعات رونما ہو چکے ہیں، جس میں کئی بے قصور افراد بھیڑ کے تشدد کا شکار ہوئے ہیں۔

مہاراشٹر کی شندے حکومت کی کابینہ نے آج دیسی گائے کو راجیہ ماتا یعنی ریاست کی ماں کا درجہ دینے کی تجویز کو منظوری دے دی ہے۔ یاد رہے مہاراشٹر میں بہت جلد اسمبلی انتخابات ہونے والے ہیں۔

حکومت نے دیسی گایوں کو پالنے کے لیے سبسڈی اسکیم متعارف کرائی ہے۔ ریاست میں گوشالوں میں دیسی گایوں کی پرورش کے لیے فی دن 50 روپے دیے جائیں گے۔

اسمبلی انتخابات میں صرف چند دن باقی ہیں۔ وزیر اعلیٰ ایکناتھ شندے کی موجودگی میں ہوئی اس میٹنگ میں کئی اہم فیصلے لئے گئے۔ ریاستی کابینہ کی میٹنگ گزشتہ ہفتے بھی ہوئی تھی۔ اس وقت 24 اہم فیصلے لیے گئے تھے۔ آج بھی ریاستی حکومت کی جانب سے 38 فلاحی فیصلے لیے گئے ہیں۔

واضح رہے ہندوستان میں گائے کو ماں کا درجہ حاصل ہے۔ ہندو مذہب میں گائے کی پوجا کی جاتی ہے۔ اسی کو مدنظر رکھتے ہوئے گائے کو قومی جانور یا راشٹر ماتا قرار دینے کا مطالبہ کافی عرصے سے ہو رہا ہے۔ یہ مطالبہ ہندو تنظیموں کی طرف سے وقتاً فوقتاً کیا جاتا ہے۔

«
»

بلڈوزر کارروائی پر آج پھر سپریم کورٹ نے کیا سخت تبصرہ

جنگی جنون نے اسرائیل کی معیشت تباہ کر دی: پڑھیے یہ رپورٹ