نئی دہلی : کانگریس لیڈر اور لوک سبھا میں حزب اختلاف کے قائد راہل گاندھی نے حال ہی میں دہلی میں وشوکرما سماج کے نمائندوں سے ملاقات کی، جہاں انھوں نے برادری کے مختلف مسائل اور شکایتیں غور سے سنیں۔ اس ملاقات کی ویڈیو منظر عام پر آ چکی ہے جسے کانگریس کے آفیشل ’ایکس‘ ہینڈل سے شیئر کیا گیا ہے۔
راہل گاندھی نے ملاقات کے دوران وشوکرما سماج کے افراد کو یقین دلایا کہ ان کی شکایتیں صرف سنی نہیں جائیں گی، بلکہ ان کے حل کے لیے عملی اقدامات کیے جائیں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ نمائندگی کی کمی، روایتی روزگار کا ختم ہونا، سماجی تذلیل اور سماج کے ایک بڑے طبقے کا مرکزی دھارے سے کٹ جانا وہ بڑے مسائل ہیں جنہیں نظرانداز نہیں کیا جا سکتا۔
راہل گاندھی نے واضح کیا کہ صرف نمائندگی کافی نہیں، بلکہ اقتدار کے ڈھانچے میں پسماندہ طبقات کی حقیقی شراکت داری اور مؤثر آواز کا ہونا لازمی ہے۔ انہوں نے زور دے کر کہا کہ ذات پر مبنی مردم شماری اس سمت میں پہلا اور بنیادی قدم ہے، جو زمینی سچائی کو سامنے لائے گی اور اسی بنیاد پر سماجی انصاف سے متعلق پالیسیاں بنائی جا سکیں گی۔
کانگریس پارٹی نے بھی اپنے پیغام میں کہا ہے کہ وشوکرما سماج کی بڑی شکایتوں میں مناسب نمائندگی کی کمی اور روزگار کے مواقع ختم ہونا شامل ہیں، جنہیں دور کرنے کے لیے ذات پر مبنی مردم شماری ناگزیر ہے۔ پارٹی نے یقین دلایا ہے کہ وہ ہنرمند طبقے کی برابری، عزت اور انصاف کی جدوجہد میں ان کے ساتھ کھڑی ہے۔
راہل گاندھی نے ملاقات کے دوران یہ بھی کہا کہ تبدیلی کی شروعات پارٹی کے اندر سے ہوگی۔ گجرات میں ضلع سطح پر اس کی مثال قائم کی جا چکی ہے اور جلد ہی دیگر ریاستوں میں بھی یہ عمل شروع کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ جب وشوکرما سماج سے ایسے لیڈران ابھریں گے جو اپنی برادری کی حمایت سے قیادت کریں گے، تب حقیقی تبدیلی ممکن ہوگی۔
راہل گاندھی نے اس موقع پر ایک بار پھر اس بات کا عزم دہرایا کہ کانگریس پسماندہ سماج، بالخصوص ہنرمند طبقے کے ساتھ ہر سطح پر کھڑی ہے اور ان کی عزت، برابری اور نمائندگی کی مکمل حمایت کرتی ہے۔