پونے : طلبہ اور نوجوانوں سے متعلق مسائل کو اجاگر کرنے کے لیے کانگریس رہنما اور لوک سبھا میں حزبِ اختلاف کے قائد راہل گاندھی کی جانب سے شروع کی گئی ’چھاتروں کی گونج‘ مہم اب مہاراشٹر کے شہر پونے پہنچ گئی ہے۔ مہم کے چوتھے مرحلے کے تحت 22 اگست کو پونے میں پروگرام منعقد کیا جائے گا، جس کی تیاریاں جاری ہیں۔
راہل گاندھی نے ہفتے کے روز اپنے ’ایکس‘ اکاؤنٹ پر پونے میں منعقد ہونے والے پروگرام سے متعلق ایک پوسٹ شیئر کرتے ہوئے لوگوں کو اس مہم سے جڑنے اور رجسٹریشن کی دعوت دی۔ اپنی پوسٹ میں انہوں نے خاص طور پر لڑکیوں کے لیے برابری، تحفظ، مواقع اور اظہارِ رائے کی آزادی جیسے مسائل کو اجاگر کیا اور عدم تحفظ و امتیاز پر تشویش کا اظہار کیا۔
’چھاتروں کی گونج‘ مہم کا آغاز رواں سال 17 جون کو راجستھان کے کوٹا سے کیا گیا تھا۔ اس کے بعد 17 جولائی کو دہرادون اور 8 اگست کو پریاگ راج میں اس کے پروگرام منعقد ہوئے، جہاں طلبہ اور نوجوانوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی اور اپنے تعلیمی و دیگر مسائل راہل گاندھی کے سامنے رکھے۔
اب مہم کے چوتھے مرحلے کے لیے پونے کا انتخاب کیا گیا ہے۔ مہاراشٹر پردیش کانگریس کمیٹی کے صدر ہرش وردھن سپکال نے بھی پروگرام کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ 22 اگست کو پونے میں منعقد ہونے والے پروگرام میں راہل گاندھی شرکت کریں گے اور بالخصوص خواتین سے متعلق مسائل پر اپنی بات رکھیں گے۔
پونے میں ہونے والے اس پروگرام کے لیے طلبہ اور نوجوانوں کو مہم سے جوڑنے اور رجسٹریشن کا عمل تیز کرنے پر توجہ دی جارہی ہے۔




