نئی دہلی: ساؤتھ دہلی ڈسٹرکٹ کنزیومر ڈسپیوٹس ریڈریسل کمیشن (صارفین عدالت) نے کنفرم بزنس کلاس ٹکٹ ہونے کے باوجود اوور بکنگ کا بہانہ بنا کر ایک شدید بیمار مسافر کو پرواز میں سوار ہونے سے روکنے پر ایئر انڈیا کو سنگین غفلت اور خدمات میں کوتاہی کا مرتکب قرار دیا ہے۔ کمیشن نے فضائی کمپنی کو حکم دیا ہے کہ وہ متوفی مسافر کی بیوہ کو 25 لاکھ روپے بطور معاوضہ ادا کرے۔ متاثرہ مسافر ریڑھ کی ہڈی کی ہنگامی سرجری کے لیے بھارت آ رہا تھا اور بورڈنگ سے انکار کے اگلے ہی روز ایئرپورٹ پر دم توڑ گیا تھا۔
تفصیلات کے مطابق 49 سالہ ولیم فرنینڈیز اسرائیل کے شہر تل ابیب میں بطور نرس خدمات انجام دے رہے تھے۔ وہ ریڑھ کی ہڈی کے مہروں میں شدید تکلیف دہ عارضے میں مبتلا تھے اور فوری سرجری کے لیے اپنے آبائی شہر منگلور آ رہے تھے۔ 8 جولائی 2019 کو انہیں ممبئی سے منگلور کی کنیکٹنگ پرواز لینی تھی، جس کے لیے ان کے اور ان کے ایک تیماردار کے پاس کنفرم بزنس کلاس ٹکٹ موجود تھے، جبکہ وہیل چیئر کی سہولت بھی پہلے سے طلب کی گئی تھی۔
شکایت کے مطابق دونوں افراد صبح 10 بج کر 25 منٹ کی پرواز کے لیے صبح 7 بج کر 53 منٹ پر ممبئی ایئرپورٹ کے چیک ان کاؤنٹر پر پہنچ گئے تھے، تاہم ایئر انڈیا نے نشستوں کی اوور بکنگ کا حوالہ دیتے ہوئے انہیں بورڈنگ پاس دینے سے انکار کر دیا۔ مسافر کی نازک طبی حالت اور ہنگامی سرجری کی ضرورت سے آگاہ کیے جانے کے باوجود ایئر لائن نے ان کا سفر اگلے دن تک ملتوی کر دیا۔ کئی گھنٹوں کے طویل انتظار کے بعد انہیں ہوٹل میں ٹھہرایا گیا، لیکن اگلی صبح 9 جولائی 2019 کو جب وہ سفر جاری رکھنے کے لیے دوبارہ ایئرپورٹ پہنچے تو ولیم فرنینڈیز کی طبیعت بگڑ گئی اور صبح 8 بج کر 45 منٹ پر ایئرپورٹ پر ہی ان کا انتقال ہو گیا۔
شوہر کے انتقال کے بعد متوفی کی اہلیہ نے خاندان کو پہنچنے والے مالی نقصان اور ذہنی اذیت کے ازالے کے لیے صارفین کمیشن سے رجوع کرتے ہوئے ایئر انڈیا کے خلاف لاپرواہی اور غیر منصفانہ تجارتی طرزِ عمل کا مقدمہ دائر کیا اور ایک کروڑ 91 لاکھ 40 ہزار 837 روپے معاوضے کا مطالبہ کیا۔
سماعت کے دوران ایئر انڈیا نے یہ مؤقف اختیار کیا کہ اسے مسافر کی ہنگامی طبی صورتحال یا ٹرانزٹ اسٹیٹس کی پیشگی اطلاع نہیں دی گئی تھی اور محض وہیل چیئر کی درخواست سے یہ ثابت نہیں ہوتا کہ مسافر شدید بیمار ہے۔ ایئر لائن نے یہ دلیل بھی دی کہ طبی مدد کے محتاج مسافروں کے لیے پیشگی میڈیکل انفارمیشن فارم (میڈِف) جمع کرانا ضروری ہوتا ہے، جو مسافر کی جانب سے فراہم نہیں کیا گیا۔
کمیشن کی صدر مونیکا اے سریواستو اور رکن کرن کوشل پر مشتمل بنچ نے ایئر لائن کے تمام دلائل مسترد کرتے ہوئے کہا کہ وہیل چیئر کی درخواست ہی کسی بھی ذمہ دار فضائی کمپنی کو اس بات سے خبردار کرنے کے لیے کافی ہونی چاہیے کہ مسافر چلنے پھرنے سے قاصر ہے اور اس کی صحت ٹھیک نہیں ہے۔ کمیشن نے واضح کیا کہ چونکہ مسافر کو آکسیجن سپورٹ یا اسٹریچر جیسی خصوصی طبی سہولیات درکار نہیں تھیں، اس لیے ان کے معاملے میں میڈیکل انفارمیشن فارم کی شرط لاگو نہیں ہوتی۔
کمیشن نے اپنے فیصلے میں سخت ریمارکس دیتے ہوئے کہا کہ فریقِ مخالف یعنی ایئر انڈیا نے خدمات کی فراہمی میں سنگین کوتاہی برتی ہے اور مسافر کی خراب صحت کے خصوصی حالات میں یہ لاپرواہی مزید سنگین ہو جاتی ہے۔ عدالت نے یہ بھی نشاندہی کی کہ اوور بکنگ کی صورت میں ایئر لائن کو چاہیے تھا کہ وہ کنفرم ٹکٹ رکھنے والے ایک معذور یا بیمار مسافر کو روکنے کے بجائے دیگر عام مسافروں سے مراعات کے بدلے رضاکارانہ طور پر نشستیں چھوڑنے کی درخواست کرتی۔ ان شواہد کی روشنی میں کمیشن نے ایئر انڈیا کو متوفی کی بیوہ کو 25 لاکھ روپے ادا کرنے کا حکم دیا۔




