لکھنؤ: آل انڈیا مجلس اتحاد المسلمین (اے آئی ایم آئی ایم) کے قومی صدر اسد الدین اویسی اور آزاد سماج پارٹی (کانشی رام) کے سربراہ چندرشیکھر آزاد پر مشتمل نو تشکیل شدہ اتحاد ’سماجک پریورتن مورچہ‘ نے جمعرات کے روز اتر پردیش کے دارالحکومت لکھنؤ میں اپنا پہلا بڑا عوامی جلسہ منعقد کر کے آئندہ 2027 کے ریاستی اسمبلی انتخابات کا بگل بجا دیا ہے۔ دونوں رہنماؤں نے حکمران جماعت بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی)، اپوزیشن اتحاد انڈیا بلاک اور بہوجن سماج پارٹی (بی ایس پی) کو بیک وقت نشانہ بناتے ہوئے اپنے اتحاد کو اتر پردیش میں ایک مضبوط ’دلت مسلم متبادل‘ کے طور پر پیش کیا۔
دلت اور مسلم رائے دہندگان کو اپنے ساتھ جوڑنے کی حکمتِ عملی کے تحت اس اتحاد کی جانب سے ریاست میں دلت وزیر اعلیٰ اور مسلم نائب وزیر اعلیٰ بنانے کا تصور پیش کیا گیا ہے۔ قبل ازیں مورچہ کی جانب سے چندرشیکھر آزاد کو وزیر اعلیٰ کا چہرہ قرار دیا جا چکا ہے۔ بدھ کی رات سے ہی بڑی تعداد میں دونوں جماعتوں کے کارکنان پلے کارڈز اور بینرز لے کر جلسہ گاہ پہنچنا شروع ہو گئے تھے، جن پر نمایاں طور پر یہ نعرہ درج تھا کہ ’دلت کا بیٹا سی ایم بنے گا اور عبدل کا بیٹا ڈپٹی سی ایم بنے گا‘۔
ریلی میں شریک مجمع سے خطاب کرتے ہوئے اسد الدین اویسی نے کہا کہ عوام کی یہ بڑی تعداد سماجوادی پارٹی کے صدر اکھلیش یادو، وزیر اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ اور وزیر اعظم نریندر مودی کے لیے ایک واضح پیغام ہے کہ ان کی سیاسی موقع پرستی کے دن اب ختم ہونے کے قریب ہیں۔ اویسی نے کہا کہ اب حالات بدل رہے ہیں اور مسلم برادری محض ایک ووٹ بینک بن کر نہیں رہے گی۔ انہوں نے دو ٹوک الفاظ میں کہا کہ مسلمان اب صرف سیاسی جلسوں میں دری بچھانے اور دوسروں کے لیے زمینی محنت کرنے پر اکتفا نہیں کریں گے، بلکہ اپنے آئینی حقوق اور اقتدار میں مکمل حصہ داری کا مطالبہ کریں گے۔
بیرسٹر اویسی نے سماجوادی پارٹی کے سربراہ اکھلیش یادو کے آئندہ ماہ ایودھیا کے مجوزہ دورے پر بھی سخت تنقید کی اور الزام لگایا کہ اکھلیش اب ہندوتوا کی سیاست کر رہے ہیں اور ایودھیا میں رام مندر جانے کا ان کا پروگرام اسی بات کا ثبوت ہے۔ اس کے علاوہ انہوں نے ووٹر لسٹ کی خصوصی نظرِ ثانی (ایس آئی آر) کا حوالہ دیتے ہوئے الزام عائد کیا کہ آئین کو کمزور کرنے کی کوششیں کی جا رہی ہیں، اور اگر آئین کمزور ہوا تو یہ محروم طبقات کے لیے زندگی اور موت کا مسئلہ بن جائے گا۔ اویسی نے سماجوادی پارٹی پر خاندان پرستی کا الزام لگاتے ہوئے سوال اٹھایا کہ جن حلقوں سے ماضی میں مسلم اراکین پارلیمنٹ و اسمبلی منتخب ہوتے تھے، وہاں اب اکھلیش یادو اپنے خاندان کے افراد کو نامزد کر رہے ہیں۔
دوسری جانب آزاد سماج پارٹی کے سربراہ چندرشیکھر آزاد نے اپنے خطاب میں کہا کہ آزادی کے بعد گزشتہ 75 برسوں میں ملک میں آنے والی تمام حکومتوں نے درج فہرست ذاتوں (ایس سی)، درج فہرست قبائل (ایس ٹی) اور پسماندہ طبقات (او بی سی) کو نظر انداز کیا ہے، اور اب مسلمانوں کو بھی منظم طریقے سے حاشیے پر دھکیلا جا رہا ہے۔ بابا صاحب بھیم راؤ امبیڈکر کے قول کا حوالہ دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ سیاسی اقتدار ہی وہ ماسٹر کلید ہے جس کے ذریعے سماج کے تمام مسائل حل کیے جا سکتے ہیں۔
مقامی ذرائع ابلاغ کی اضافی اطلاعات کے مطابق چندرشیکھر آزاد نے اس موقع پر اعلان کیا کہ اگر سماجک پریورتن مورچہ اقتدار میں آتا ہے تو نہ صرف مسلم اور پسماندہ طبقات سے نائب وزرائے اعلیٰ مقرر کیے جائیں گے، بلکہ خواتین کو 25 ہزار روپے کی براہِ راست مالی امداد بھی فراہم کی جائے گی۔ انہوں نے حامیوں سے اپیل کی کہ وہ اپنے ووٹ کے حق کی حفاظت کریں اور اسے سوچ سمجھ کر استعمال کریں۔
سیاسی مبصرین کے مطابق اسد الدین اویسی اور چندرشیکھر آزاد کی یہ مشترکہ مہم اتر پردیش میں روایتی دو طرفہ مقابلے یعنی بی جے پی اور سماجوادی پارٹی کے درمیان تیسرا محاذ کھڑا کرنے کی کوشش ہے۔ سنہ 2022 کے اسمبلی انتخابات میں دونوں جماعتیں الگ الگ میدان میں اتری تھیں اور خاطر خواہ کامیابی حاصل نہیں کر سکی تھیں، تاہم 2027 کے انتخابات سے قبل دلت اور مسلم ووٹروں کو ایک پلیٹ فارم پر لانے کی اس کوشش نے ریاست کی اپوزیشن سیاست میں نئی بحث چھیڑ دی ہے۔




