میڈیا کا مثبت استعمال قوم و ملت کے مسائل کے حل کا مؤثر ذریعہ ، تعمیری صحافت کو فروغ دینے پر زور
بھٹکل (فکروخبر نیوز) رابطہ سوسائٹی بھٹکل کی جانب سے منگل کی شب بعدِ عشاء رابطہ آفس میں مقامی میڈیا نمائندوں کے ساتھ ایک خیرسگالی نشست کا انعقاد عمل میں آیا، جس میں شہر کے مختلف اخبارات، نیوز پورٹلز اور دیگر ذرائع ابلاغ سے وابستہ نمائندوں نے شرکت کی۔ نشست میں میڈیا کے موجودہ کردار، صحافتی ذمہ داریوں اور قوم و ملت کے مسائل کو مؤثر انداز میں اجاگر کرنے کے سلسلے میں تبادلۂ خیال کیا گیا۔
نشست کے آغاز میں میڈیا نمائندوں نے اپنا مختصر تعارف پیش کرتے ہوئے اپنی صحافتی خدمات اور اپنے اپنے اداروں کے کام کے طریقۂ کار پر روشنی ڈالی۔ اس موقع پر اس بات پر زور دیا گیا کہ موجودہ دور میں میڈیا کی اہمیت پہلے سے کہیں زیادہ بڑھ گئی ہے اور مختلف ذرائع ابلاغ کو منظم اور مثبت انداز میں استعمال کرتے ہوئے معاشرے کی صحیح ترجمانی کی جانی چاہیے۔
رابطہ سوسائٹی کے سکریٹری جنرل ڈاکٹر عتیق الرحمن منیری نے میڈیا کی ضرورت اور اس کی اہمیت پر تفصیلی گفتگو کرتے ہوئے صحافتی میدان میں خدمات انجام دینے والے نمائندوں کی پذیرائی کی۔ انہوں نے کہا کہ اپنی بات لوگوں تک پہنچانے کا سب سے مؤثر ذریعہ میڈیا ہے، جسے مثبت اور ذمہ دارانہ انداز میں استعمال کیا جائے تو قوم و ملت کے بڑے بڑے مسائل کے حل کی طرف پیش رفت ممکن ہے۔ انہوں نے میڈیا نمائندوں کی خدمات کو قابلِ قدر قرار دیتے ہوئے کہا کہ معاشرے کے مسائل کو اجاگر کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔
رابطہ کے صدر جناب مصباح فاروق نے صدارتی کلمات میں میڈیا نمائندوں کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے انہیں اپنی صحافتی ذمہ داریاں مزید بہتر انداز میں انجام دینے کی ترغیب دی۔ انہوں نے کہا کہ میڈیا معاشرے کی تشکیل اور رائے عامہ کی تعمیر میں اہم کردار ادا کرتا ہے، اس لیے خبر کی پیش کش میں توازن، ذمہ داری اور مثبت فکر کو ملحوظ رکھنا ضروری ہے۔
نشست میں شریک میڈیا نمائندوں اور این آر آئیز نے بھی اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے مثبت باتوں کو فروغ دینے اور غیر ضروری منفی خبروں سے احتراز کی ضرورت پر زور دیا۔ اس موقع پر اس بات کی طرف بھی توجہ دلائی گئی کہ ہر مسئلے کو عوامی سطح پر لانا ضروری نہیں، بلکہ بعض اوقات کسی مسئلے کو بغیر مناسب حکمتِ عملی کے عوام کے سامنے لانے سے اس کے حل کے بجائے پیچیدگیاں مزید بڑھ جاتی ہیں۔ اس لیے میڈیا کو ایسے مسائل کو ترجیح دینی چاہیے جن کا براہِ راست تعلق عوامی مفاد سے ہو اور جنہیں اجاگر کرنے سے اصلاح اور حل کی راہ ہموار ہوسکتی ہو۔
شرکاء نے اس بات پر بھی زور دیا کہ بھٹکل میں مختلف شعبوں میں انجام دی جانے والی مثبت سرگرمیوں، تعلیمی و سماجی خدمات اور عوامی مسائل کو مؤثر انداز میں سامنے لانے کے لیے میڈیا اداروں اور سماجی تنظیموں کے درمیان بہتر رابطہ وقت کی اہم ضرورت ہے۔
نشست میں مولانا عبدالمتین منیری ، ڈاکٹر محمد حنیف شباب ، جناب کمپیوٹر محسن ، جناب جیلانی محتشم ، جناب آفتاب ایم جے ، جناب یاسر قاسمجی ، جناب نوید کو بٹے ، مولوی عتیق الرحمن ڈانگی ندوی ، جناب عبد المعز ایس جے ، جناب محی الدین رکن الدین ، جناب اطہر پیرزادے ، جناب عتیق الرحمن شاہ بندری ، جناب رضا مانوی ، جناب عبد الباسط ائیکیری ، جناب افضل ، جناب ضیاء محتشم ، مولوی ناصف ندوی اور دیگر نے اپنے اپنے خیالات کا اظہار کیا۔ اس موقع پر گلف کی جماعتوں کے ذمہ داران بھی موجود تھے۔ دعائیہ کلمات کے ساتھ یہ نشست اپنے اختتام کو پہنچی۔




