بھٹکل: (29 نومبر 2026، فکروخبر) بھٹکل کی مدینہ کالونی میں سڑکوں کی خستہ حالی کے سبب مقامی باشندوں کو درپیش مسلسل مشکلات کے پیش نظر مدینہ ویلفیئر سوسائٹی کے ذمہ داران نے اتوار کی صبح 9 بجے بھٹکل کے رکن اسمبلی منکال ویدیا سے ملاقات کی اور ایک میمورنڈم پیش کرتے ہوئے علاقے کی سڑکوں کی جلد از جلد مرمت کا مطالبہ کیا۔
سوسائٹی کے ذمہ داران نے صبح نو بجے رکن اسمبلی سے ملاقات کر کے علاقے کے بنیادی مسائل سے انہیں آگاہ کیا۔ پیش کیے گئے میمورنڈم میں اس بات پر خصوصی توجہ دلائی گئی ہے کہ مدینہ کالونی کے احاطے کی سڑکیں مکمل طور پر ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہو چکی ہیں، جس کی وجہ سے مقامی آبادی شدید پریشانی سے دوچار ہے۔
وفد نے رکن اسمبلی کو بتایا کہ برسات کے ایام میں سڑکوں پر پڑے گہری گڑھوں میں بارش کا پانی جمع ہو جاتا ہے، جس کے باعث پیدل چلنے والوں اور گاڑی سواروں کے لیے آمد و رفت انتہائی دشوار اور پرخطر ہو جاتی ہے۔ دوسری جانب خشک موسم میں ٹوٹی ہوئی سڑکوں سے اڑنے والی دھول اور مٹی براہ راست گھروں میں داخل ہوتی ہے، جو نہ صرف مکینوں کے لیے اذیت کا باعث ہے بلکہ صحت کے مسائل بھی پیدا کر رہی ہے۔
ملاقات کے دوران سڑکوں کی فوری تعمیر و مرمت کے ساتھ ساتھ کالونی کے دیگر بنیادی اور ترقیاتی امور پر بھی خصوصی توجہ دینے کی درخواست کی گئی۔ سوسائٹی کے ذمہ داران کے مطابق رکن اسمبلی منکل ویدیا نے وفد کے مطالبات کو سنجیدگی سے سنا اور درخواست کو قبول کرتے ہوئے یقین دہانی کرائی کہ متعلقہ سڑکوں کی مرمت کا کام جلد از جلد شروع کر دیا جائے گا۔
وفد میں مدینہ ویلفیئر سوسائٹی کے صدر مولانا محمد عرفان ایس ایم ندوی، اراکین انتظامیہ جواد اکرمی، رمیز کولا، مولانا سلمان رکن الدین ندوی اور سماجی کارکن آفتاب دامودی شامل تھے۔
اس سے قبل بھی سڑکوں کی تعمیر و مرمت کیلئے متعدد کوششیں
واضح رہے کہ مدینہ کالونی کی سڑکوں کی خستہ حالی کا مسئلہ نیا نہیں ہے۔ اس سے قبل بھی مسئلہ کے حل کے لئے متعدد کوششیں کی جاچکی ہیں ، مدینہ ویلفیئر سوسائٹی کی جانب سے بھٹکل کے اسسٹنٹ کمشنر اور محکمہ تعمیرات عامہ کے اسسٹنٹ ایگزیکٹیو انجینئر کو میمورنڈم پیش کرتے ہوئے سڑکوں کی تعمیر و مرمت، نالیوں کی صفائی اور بند اسٹریٹ لائٹس کو درست کرنے کا مطالبہ کیا گیا تھا۔ سڑکوں کی بدحالی سے پریشان محلے کے نوجوانوں نے اپنے ذاتی خرچ پر گڑھوں کو بھرنے کا کام بھی کیا تھا۔
علاوہ ازیں رحمت آباد فرینڈس فورم (آر ایف ایف) نے بھی رواں سال ستمبر میں متعلقہ حکام کو میمورنڈم پیش کرنے کے بعد اکتوبر میں ضلع کی ڈپٹی کمشنر لکشمی پریا سے ملاقات کرکے سڑک کی ازسرنو تعمیر کا مطالبہ کیا تھا۔ جبکہ 8 نومبر کو منکال ویدیا کو مکتوب روانہ کرکے سڑک کی مرمت کا مطالبہ کیا تھا اور 15 دنوں کے اندر کارروائی نہ ہونے کی صورت میں پُرامن احتجاج کا انتباہ بھی دیا تھا۔
مسلسل نمائندگیوں اور عارضی مرمت کے باوجود علاقے میں سڑکوں کی خستہ حالی کا مسئلہ برقرار ہے۔ اب مدینہ ویلفیئر سوسائٹی کی جانب سے ایک مرتبہ پھر رکن اسمبلی سے رجوع کیا گیا ہے۔ دیکھنا یہ ہے کہ رکن اسمبلی کی تازہ یقین دہانی کے بعد عملی اقدامات کب شروع ہوتے ہیں اور عوام کو اس دیرینہ مسئلے سے کب نجات ملتی ہے۔




