اپیننگڈی (فکروخبر نیوز) منگلورو اور بنگلورو کو جوڑنے والی قومی شاہراہ نمبر 75 پر واقع والالو پڈپو ٹول پلازہ میں بھاری ٹول فیس کی وصولی کے خلاف زبردست احتجاج کیا گیا۔ اس دوران مظاہرین نے ٹول پلازہ کے تمام بیریئر کھول کر گاڑیوں کو بغیر ٹول ادا کیے گزرنے کی اجازت دے دی۔ مظاہرین نے مقامی باشندوں سے ٹول وصول کرنے کی سخت مخالفت کرتے ہوئے مطالبہ کیا کہ مسئلے کا مناسب حل نکلنے تک ٹول کی وصولی فوری طور پر بند کی جائے۔
احتجاج کی قیادت کرناٹک راجیہ رعیت سنگھا ہسیرو سینے کے ضلعی صدر روپیش رائے الیمار اور سماجی کارکن بی ایم بھٹ نے کی۔ مظاہرین نے مطالبہ کیا کہ ڈپٹی کمشنر، نیشنل ہائی ویز اتھارٹی آف انڈیا (NHAI) کے افسران اور مقامی باشندوں کے درمیان بات چیت کے بعد ہی ٹول وصولی سے متعلق کوئی فیصلہ کیا جائے۔
مظاہرین نے خاص طور پر بجتھور گاؤں سمیت آس پاس کے علاقوں کے رہنے والوں کو ٹول فیس سے مکمل استثنا دینے کا مطالبہ کیا، کیونکہ ان علاقوں کے عوام کو روزمرہ کی ضروریات کے لیے اسی شاہراہ سے بار بار گزرنا پڑتا ہے۔
مسجد، مندر یا بینک جانے کے لیے بھی ٹول کیوں ادا کریں؟
احتجاج کے دوران نیشنل ہائی ویز اتھارٹی کے ایک افسر سے گفتگو کرتے ہوئے روپیش رائے الیمار نے مقامی باشندوں سے ٹول وصول کرنے پر سخت سوالات اٹھائے۔انہوں نے کہا کہ مسئلہ عوام نہیں بلکہ خود ٹول پلازہ ہے۔ مقامی باشندے اپنے جائز حقوق کا مطالبہ کررہے ہیں۔ انہوں نے سوال کیا کہ کیا یہاں سروس روڈ موجود ہے؟ کیا مسجد، مندر یا بینک جانے والے افراد کو بھی ٹول ادا کرنا ہوگا؟ اگر کوئی شخص محض دس لیٹر دودھ لے کر دودھ کی کوآپریٹو سوسائٹی جارہا ہو تو کیا اسے بھی 200 روپے ادا کرنے پڑیں گے؟ الیمار نے کہا کہ حکام کو مقامی عوام کی روزمرہ مشکلات کا احساس ہونا چاہیے اور ان کے مسائل کو نظرانداز نہیں کیا جانا چاہیے۔
کاروں سے 140 اور لاریوں سے 465 روپے وصول کرنے پر اعتراض
سماجی کارکن بی ایم بھٹ نے الزام عائد کیا کہ والالو پڈپو ٹول پلازہ کو مقررہ ضابطوں اور دو ٹول پلازوں کے درمیان فاصلے سے متعلق قواعد کی خلاف ورزی کرتے ہوئے شروع کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مناسب معلومات فراہم کیے بغیر عوام سے بھاری رقم وصول کی جارہی ہے۔ دیگر ٹول پلازوں پر مقامی باشندوں کو مفت گزرنے کی سہولت دی جاتی ہے، لیکن یہاں کاروں سے یک طرفہ سفر کے لیے 140 روپے اور لاریوں سے 465 روپے وصول کیے جارہے ہیں۔
انہوں نے مطالبہ کیا کہ قومی شاہراہ کے تعمیراتی کام مکمل ہونے اور مقامی باشندوں کے ساتھ مشاورت سے پہلے ٹول وصولی شروع نہیں کی جانی چاہیے۔
افسران کے نہ پہنچنے پر مظاہرین نے ٹول بیریئر کھول دیے
اطلاعات کے مطابق مظاہرین نے نیشنل ہائی ویز اتھارٹی کے متعلقہ افسران کو دوپہر ڈھائی بجے احتجاجی مقام پر پہنچنے کے لیے کہا تھا، تاہم مقررہ وقت پر افسران کے نہ پہنچنے پر مظاہرین نے ٹول پلازہ کے تمام بیریئر کھول دیے اور وہاں سے گزرنے والی گاڑیوں کو مفت گزرنے کی اجازت دے دی۔
اس دوران مظاہرین نے ٹول پلازہ کے کیمرے بھی بند کردیے اور شام تک ٹول وصولی معطل رکھی۔ احتجاج میں شریک افراد نے حکام کو ایک ہفتے کی مہلت دیتے ہوئے خبردار کیا کہ اگر اس دوران ڈپٹی کمشنر، نیشنل ہائی ویز اتھارٹی اور مقامی باشندوں کے درمیان بات چیت کرکے مسئلے کا حل نہیں نکالا گیا تو تین ہزار سے زائد افراد کو جمع کرکے ٹول پلازہ کو بند کردیا جائے گا۔
اس احتجاج میں ایڈوکیٹ اسماعیل نیلیاڈی، پرشانت گولی توٹو، زبیر، پروین، رشید متھ اور سرفراز سمیت سینکڑوں افراد نے شرکت کی۔




