بخدمت صدر، جنرل سکریٹری و جمیع اراکین بی ایم جے ڈی
السلام علیکم ورحمۃ اللہ و برکاتہ
اللہ کرے آپ مع جملہ احباب بخیرو عافیت ہوں،اللہ تعالیٰ آپ کو اپنے حفظ و امان میں رکھے۔
آپ نے بھٹکل مسلم جماعت دبئی کے قیام کے پچاس سال مکمل ہونے پر ”جشن پنّاس“پروگرام میں بندہ کو شرکت کی دعوت دی تھی جس پر آپ کا تہہ دل سے مشکور ہوں،لیکن چند دنوں قبل عمرہ و دیگرممالک کے سفر سے واپسی ہوئی اوریہاں مختلف مصروفیات کی وجہ سے شرکت سے معذرت کی ”و العذر عند کرام الناس مقبول“ یقیناً آپ میرے عذر کو قابل قبول سمجھیں گے۔
اللہ تعالی کا فضل ہے ہماری قوم جہاں بھی وطن سے باہربغرض معاش سکونت اختیارکرتی ہے تو اپنی شناخت کوبرقرار رکھنے کے لیے جماعتی نظام کو قائم کرتی ہے، الحمدللہ اس جماعت کا پودا جو آج سے پچاس سال پہلے لگایا گیا تھا ایک تناور درخت کی شکل اختیار کر چکا ہے اور اپنے سایہ و پھل سے لوگوں کو مستفید کر رہا ہے،اللہ تعالیٰ اس کو نظر بد سے محفوظ رکھے اور متحد رہتے ہوئے باہمی مشورے سے اپنا کام انجام دینے کی توفیق عطا فرمائے۔
موقع کی مناسبت سے چند گذارشات حاضرِ خدمت ہیں:
واقعہ یہ ہے کہ دشمنان اسلام کی طرف سے اسلام و مسلمانوں کو ختم کرنے اور ان کی شبیہ کو داغدار کرنے کے لیے نت نئے طریقے اپنائے جا رہے ہیں اور ایسے حالات میں ہم کو اللہ کی طرف رجوع ہوتے ہوئے اپنے اعمال کی اصلاح ودرستگی کے ساتھ اپنی اجتماعیت کو برقرار رکھتے ہوئے ملّی و قومی خدمات کو خاموشی کے ساتھ انجام دینا چاہیے، اسی طرح دینی و ملّی خدمات انجام دینے والوں کو اپنے امیر یا ذمّہ دار کے تابع ہوکر کام کرنے سے بہتر نتائج برآمد ہو سکتے ہیں،آرا ء کا اختلاف عین ممکن بھی ہے اور ضروری بھی، مگر مشورے میں جو بات طئے پائے وہ سب کے لیے قابل عمل ہو۔
اپنے محسنین اور ابتدائی کارکنان کی خدمات کا اعتراف اور ان سے وابستگی بھی اجتماعیت کی تقویت کا باعث بنتی ہے، جنھوں نے ابتدائی ادوار میں اسباب و وسائل کی کمی کے باوجود جماعت کی ترقی میں بڑی قربانیاں پیش کیں۔
مال ودولت اللہ تعالی کی بہت بڑی نعمت بھی ہے اور امانت بھی،جس کے حصول اور خرچ دونوں کے متعلق قیامت کے دن سوال ہوگا،اس لیے جائزاور حلال طریقے سے اس کے حصول کی کوشش کی جائے اور بہتر سے بہتر مصرف میں اس کا استعمال کرتے ہوئے حتیٰ الامکان غیر ضروری مصارف سے اجتناب کیا جائے۔
دعا ہے کہ اللہ تعالی اس پروگرام کو ہر طرح سے کامیاب فرمائے، اس کے مثبت اثرات مرتب فرمائے اور ہر طرح کے شروروفتن سے ہم سب کی حفاظت فرمائے۔
(عبد الرب خطیبی)
قاضی جماعت المسلمین بھٹکل