پشپک ٹرین میں حادثہ سے پانچ افراد ہلاک

ممبئی، 9 جون (فکروخبر نیوز) پیر کی صبح ممبئی سے لکھنؤ جانے والی پشپک ایکسپریس میں پیش آئے ایک افسوسناک حادثے میں پانچ مسافر جان کی بازی ہار گئے۔ یہ واقعہ دیوا اور کوپر ریلوے اسٹیشن کے درمیان اس وقت پیش آیا جب ٹرین میں شدید بھیڑ کے باعث تقریباً 10 سے 12 مسافر چلتی ٹرین سے نیچے گر پڑے۔

سینٹرل ریلوے کے مطابق، متاثرہ افراد تھانے کے قریب ممبئی کی سمت جا رہے تھے کہ اچانک دھکّا مکی کے دوران کئی مسافر دروازوں سے گر گئے۔ واقعہ کی اطلاع ملتے ہی ریلوے اور پولیس کی ٹیمیں فوری طور پر موقع پر پہنچ گئیں اور زخمیوں کو قریبی اسپتال منتقل کیا گیا، جہاں پانچ افراد کی موت کی تصدیق کی گئی ہے۔ مہلوکین کی عمریں 30 سے 35 سال کے درمیان بتائی گئی ہیں۔

بتایا جا رہا ہے کہ ٹرین میں غیر معمولی بھیڑ کے باعث مسافر دروازوں پر لٹک کر سفر کر رہے تھے اور دھکے کے نتیجے میں یہ حادثہ پیش آیا۔ واقعہ کی ویڈیوز سوشل میڈیا پر بھی گردش کر رہی ہیں، جن میں مسافروں کو گرتے اور شدید زخمی حالت میں دیکھا جا سکتا ہے۔

ریلوے حکام نے حادثے کی وجوہات جاننے کے لیے تفتیش شروع کر دی ہے، جبکہ مہلوکین کی شناخت اور ان کے لواحقین کو مطلع کرنے کا عمل جاری ہے۔ حادثے کے باعث مقامی ریل خدمات بھی متاثر ہوئیں۔

بدعنوانی کے خاتمے کے لیے چندرابابو نائیڈو کی بڑے کرنسی نوٹوں پر مکمل پابندی کی تجویز

سنگاپور کنٹینرکو لگی آگ ، نیو منگلورو بندرگاہ پر زخمی افراد کے لیے تیاریاں مکمل