حد بندی اور خواتین ریزرویشن بل پر کرناٹک کے وزیراعلیٰ سرگرم، کل دہلی میں کیرالا اور تلنگانہ کے وزرائے اعلیٰ سے اہم ملاقات

بنگلورو: (28 نومبر 2026، فکروخبر) مرکزی حکومت کی جانب سے انتخابی حلقوں کی ازسرنو حد بندی، خواتین ریزرویشن کے نفاذ اور لوک سبھا و ریاستی اسمبلیوں کی نشستوں میں 50 فیصد اضافے کی مجوزہ آئینی ترمیم کے پیش نظر جنوبی ریاستوں میں سیاسی سرگرمیاں تیز ہوگئی ہیں۔ کرناٹک کے وزیر اعلیٰ ڈی کے شیوکمار نے سنیچر کو بتایا کہ وہ اتوار کو دہلی میں کیرالا اور تلنگانہ کے وزرائے اعلیٰ سے ملاقات کرکے ان اہم مسائل پر تبادلۂ خیال کریں گے۔

ڈی کے شیوکمار کے مطابق اس ملاقات میں بالخصوص اس بات کا جائزہ لیا جائے گا کہ نشستوں میں مجوزہ اضافے اور انتخابی حلقوں کی ازسرنو حد بندی سے جنوبی ریاستوں کی پارلیمانی نمائندگی اور سیاسی طاقت پر کیا اثرات مرتب ہوسکتے ہیں۔

اطلاعات کے مطابق مرکزی حکومت پیر کو لوک سبھا میں ایک نیا آئینی ترمیمی بل پیش کرنے کی تیاری کررہی ہے۔ اس بل کے تحت خواتین کیلئے ایک تہائی ریزرویشن کے نفاذ کی غرض سے تمام ریاستوں اور مرکز کے زیر انتظام علاقوں کی لوک سبھا نشستوں اور قانون ساز اسمبلیوں کی نشستوں میں 50 فیصد اضافے کی تجویز ہے۔ نئی نشستوں کی تقسیم اور انتخابی حلقوں کی حدود کو 2051 تک برقرار رکھنے کی بھی تجویز پیش کی گئی ہے۔

ڈی کے شیوکمار نے بتایا کہ دہلی میں ہونے والی اس ملاقات میں کانگریس سے تعلق رکھنے والے وزرائے اعلیٰ شریک ہوں گے۔

کرناٹک کابینہ میں توسیع پر بھی اہم فیصلے متوقع

دہلی دورے کے دوران ڈی کے شیوکمار کانگریس ہائی کمان سے کرناٹک کابینہ میں خالی دو نشستوں کو پُر کرنے کے سلسلے میں بھی تبادلۂ خیال کرسکتے ہیں۔

کابینہ میں خواتین کی نمائندگی کے سلسلے میں سندور کی رکن اسمبلی ای اناپورنا اور سابق وزیر لکشمی ہیبالکر کے نام زیر گردش ہیں، جبکہ سابق وزیر بی ناگیندر اور وجئے نگر کے رکن اسمبلی ایم کرشنپا بھی وزارت حاصل کرنے کیلئے کوشاں ہیں۔

علاوہ ازیں بلدیاتی انتخابات اور ہیریور اسمبلی حلقے کے ضمنی انتخاب کے پیش نظر مختلف سرکاری بورڈز اور کارپوریشنوں میں تقرریوں کیلئے بھی وزیر اعلیٰ کانگریس ہائی کمان کی منظوری حاصل کرسکتے ہیں۔ کانگریس ذرائع کے مطابق ہیریور ضمنی انتخاب کیلئے پارٹی امیدوار کے نام کو بھی حتمی شکل دیئے جانے کا امکان ہے۔

شیئر کریں۔