ئی دہلی: آپریشن سندور پر بحث کے لیے اپوزیشن جماعتوں کے پارلیمنٹ کا خصوصی اجلاس بلانے کے مطالبے کے درمیان مرکزی حکومت کی جانب سے پارلیمنٹ کے مانسون اجلاس کا اعلان کر دیا گیا ہے۔ پارلیمنٹ کے مانسون اجلاس کا آغاز 21 جولائی 2025 سے ہوگا۔ خیال رہے کہ کل ہی انڈیا اتحاد میں شامل 16 سیاسی جماعتوں نے وزیر اعظم کے نام خط تحریر کرتے ہوئے پارلیمنٹ کا خصوصی اجلاس بلانے کا مطالبہ کیا تھا۔
رپورٹ کے مطابق، پارلیمانی امور کی کابینہ کمیٹی نے مانسون اجلاس کی تاریخوں سے متعلق تجویز صدر دروپدی مرمو کو بھیج دی ہے، جس میں مانسون اجلاس 21 جولائی سے 12 اگست کے درمیان بلانے کی سفارش کی گئی ہے۔ آپریشن سندور کے بعد اس پہلے اجلاس کے ہنگامہ خیز ہونے کے آثار ہیں۔
حکومت کا کہنا ہے کہ پارلیمنٹ کے آئندہ مانسون اجلاس کے دوران اپوزیشن اگر اصولوں کے تحت بحث کا مطالبہ کرتا ہے تو وہ پہلگام دہشتگرد حملہ اور آپریشن سندور پر بحث کے لیے تیار ہے۔ آئندہ اجلاس کے دوران حکومت الہ آباد ہائی کورٹ کے جج جسٹس یشونت ورما کے خلاف مواخذے کی تحریک لانے کی بھی تیاری کر رہی ہے۔
حکومت جسٹس یشونت سنہا کے خلاف مواخذے کی تحریک لانے کے حوالہ سے کسی بھی طرح کی جلد بازی نہیں کرنا چاہتی اور اپوزیشن جماعتوں کو اعتماد میں لینا چاہتی ہے۔ جسٹس یشونت سنہا کے خلاف مواخذے کی تحریک سے متعلق عمل کو شروع کرنے سے قبل تمام اپوزیشن جماعتوں سے بات کرنے کی ذمہ داری پارلیمانی امور کے وزیر کرن رجیجو کو سونپی گئی ہے۔ کرن رجیجو نے اب تک اس معاملہ پر کانگریس، سماجوادی پارٹی، ترنمول کانگریس اور ڈی ایم کے کے لیڈران سے بات چیت کی ہے اور دیگر جماعتوں سے کے لیڈران سے بھی بات کی جا رہی ہے۔