مولانا عبدالمتین منیری کے اعزاز میں أبناء جامعہ دبئی کی طرف سے خصوصی نشست : تقریباً پچاس سالہ علمی و دینی خدمات کا اعتراف

بھٹکل (فکروخبر نیوز) مولانا عبدالمتین منیری صاحب کے اعزاز میں ایک خصوصی نشست کل بعد عشاء مولانا عبدالمعز منیری ندوی کے مکان پر منعقد ہوئی، جس میں مولانا کی دبئی میں تقریباً پچاس سالہ علمی، دینی اور فکری خدمات کے اعتراف میں اُنہیں سپاس نامہ پیش کیا گیا۔

یہ پروگرام أبناء جامعہ دبئی کی جانب سے منعقد کیا گیا، جس میں ان کی خدمت میں پیش کردہ سپاس نامہ میں ان کی خدمات کا اعتراف کرتے ہوئے کہا گیا کہ مولانا نے 1974ء میں جامعہ اسلامیہ بھٹکل سے تدریسی سفر کا آغاز کیا اور بعد ازاں 1979ء میں متحدہ عرب امارات منتقل ہوکر چھیالیس برس تک مختلف علمی و تحقیقی اداروں سے وابستہ رہ کر گراں قدر خدمات انجام دیں۔

مولانا نے وزارتِ اوقاف ابوظبی، مرکز جمعہ الماجد للثقافۃ والتراث، اور دائرہ اوقاف دبئی جیسے اداروں میں علمی و تحقیقی مناصب پر فائز رہتے ہوئے امت کی علمی رہنمائی میں نمایاں کردار ادا کیا۔ کتاب سے اُن کی غیر معمولی وابستگی، کتب خانوں کے لیے نادر ذخائر کی فراہمی، اور شارجہ و دبئی کے کتاب میلوں میں مسلسل شرکت اُن کی علم دوستی کا ثبوت ہے۔

مولانا نے سوشل میڈیا کے ذریعے علم و دین کی خدمت کے لیے بھی مؤثر کردار ادا کیا۔  Bhathkallys.com، Urduaudios.com، اور علم و کتاب جیسے پلیٹ فارمز کے ذریعے علمی و فکری مواد کی اشاعت اُن کے روشن کارناموں میں شامل ہے۔

آپ اپنا زیادہ تر مطالعۂ کتب میں گزارتے ہیں گویا مطالعہ آپ کا محبوب مشغلہ اور علمی زندگی کا محور ہے۔ کتابی میلوں میں شرکت، نئی مطبوعات کی تلاش، اور نایاب کتب کی جستجو آپ کے علمی عشق کی علامت ہے۔ آپ کی مجالس ہمیشہ علمی و فکری گفتگو سے مہک اُٹھتی ہیں اور آپ کے علمی اور فکری  تبصرے معاشی اور  معاشرتی منظرنامے پر گہری نگاہ کی ترجمانی کرتے ہیں۔ سوانح نگاری سے آپ کی خاص دل چسپی نے آپ کے مضامین کو ایک الگ رنگ اور آپ کے قلم کو ایک منفرد شناخت عطا کرتا  ہے۔ آپ کی شخصیت علم و حلم، اخلاص و وقار، خدمت و شرافت کا حسین امتزاج ہے۔ آپ میں ادب وسلیقہ، نظافت و پاکیزگی، حسنِ تنظیم، خوش گفتاری، حسنِ ذوق، ہمدردی، خیر خواہی، نرم خوئی اور فرض شناسی جیسے اوصاف جمع ہیں۔ یہی وہ صفات ہیں جو ایک مومنِ صادق کی زندگی کو سنوارتی اور دلوں کو اپنی طرف مائل کرتی ہیں۔

اس نشست میں صدر جمعیت الحفاظ  بھٹکل مولانا نعمت اللہ ندوی استاذ جامعہ اسلامیہ بھٹکل اورأبناء جامعہ دبئی کے ذمہ داران میں مولانا ہاشم نظام ایس ایم ندوی، مولانا مصدق ہلارے ندوی، مولانا ارشاد علی افریقہ ندوی، مولانا مولیٰ کرانی ندوی مولانا صابر علی اکبرا ندوی ، ڈاکٹر عبداللہ سکری ندوی، حافظ عبد الرحمن اکرمی ، مولانا ابرار مولوی ندوی نے اپنے تاثرات پیش کئے ، پروگرام میں کثیر تعداد میں لوگوں نے شرکت کی ۔

آر جے ڈی نے کانگریس کے سر پر ‘کٹہ’ رکھ کر تیجسوی یادو کو امیدوار بنوایا: وزیراعظم مودی

سعودی عرب: مدینہ منورہ شہر زائرین کی اولین ترجیح: سروے رپورٹ