ماسکو : روس کے دارالحکومت ماسکو کے انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر ایک دل دہلا دینے والا واقعہ پیش آیا، جہاں بیلاروس کے ایک شہری نے ایک 18 ماہ کے ایرانی بچے کو بلاوجہ زمین پر پٹخ دیا، جس کے نتیجے میں معصوم بچہ شدید زخمی ہو کر کوما میں چلا گیا ہے۔ یہ حملہ ایئرپورٹ پر نصب سی سی ٹی وی کیمروں میں قید ہو گیا، اور ویڈیو سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہو رہی ہے، جس نے دنیا بھر کے انسان دوست حلقوں کو ہلا کر رکھ دیا ہے۔
رپورٹس کے مطابق، بچہ اپنی ماں کے ساتھ اسرائیل-ایران حالیہ جنگی صورتحال کے سبب روس آیا تھا۔ واقعے کے وقت اس کی ماں قریبی مقام سے بچے کا پرام (pusher/pram) لینے گئی ہوئی تھی۔ اسی دوران 31 سالہ بیلاروسی شخص ولادیمیر وِٹکوف اچانک بچے کے قریب آیا اور کسی بھی ظاہری اشتعال کے بغیر اُسے اٹھا کر زور سے فرش پر دے مارا۔ بچے کو سر اور ریڑھ کی ہڈی پر شدید چوٹیں آئیں، اور وہ زندگی اور موت کی کشمکش میں مبتلا ہے۔
روسی پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے ملزم کو گرفتار کر لیا۔ تفتیش میں یہ بات سامنے آئی ہے کہ حملہ آور کے جسم میں منشیات، خصوصاً بھنگ (Cannabis)، کے آثار پائے گئے ہیں، جس سے شبہ ہے کہ یہ حملہ نشے کی حالت میں کیا گیا ہو۔ پولیس نے تاحال اس حرکت کی کوئی ذاتی یا نظریاتی وجہ ظاہر نہیں کی ہے۔
ایرانی ذرائع ابلاغ نے حملہ آور کی مبینہ مذہبی وابستگی پر بھی سوالات اٹھائے ہیں، تاہم روسی پولیس نے اب تک اس حوالے سے کوئی سرکاری تصدیق نہیں کی۔ حکام کا کہنا ہے کہ تحقیقات جاری ہیں اور مکمل حقائق سامنے لائے جائیں گے۔