کیرلہ اور کرناٹک کے بعد مہاراشٹر میں مانسون نے وقت سے پہلے دی دستک، متعدد اضلاع الرٹ پر

ممبئی : کیرالہ کے بعد اب مہاراشٹر میں بھی جنوب مغربی مانسون نے مقررہ وقت سے پہلے دستک دے دی جس کے باعث ریاست کے مختلف علاقوں میں موسلا دھار بارش کا سلسلہ شروع ہونے کا امکان ہے۔ ہندوستانی محکمہ موسمیات (آئی ایم ڈی) نے ریاست کے کئی اضلاع کے لیے الرٹ جاری کرتے ہوئے شہریوں اور انتظامیہ کو چوکس رہنے کی ہدایت دی ہے۔

محکمہ موسمیات کی رپورٹ کے مطابق اس وقت مانسون کی شمالی سرحد مہاراشٹر کے دیوگڑھ تک پہنچ چکی ہے، جو کہ معمول سے کئی دن پہلے کی صورتحال ہے۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ مانسون کی جلد آمد نہ صرف کسانوں کے لیے امید کی کرن ہے بلکہ شہری اور دیہی علاقوں کے لیے بھی موسم میں خوشگوار تبدیلی کی نوید لائی ہے۔

آئی ایم ڈی کے مطابق جنوبی مہاراشٹر میں مانسون داخل ہو چکا ہے، جبکہ ممبئی، تھانے اور کونکن کے ساحلی علاقوں میں فی الحال پری مانسون بارشیں جاری ہیں۔ اگلے دو سے تین دنوں میں مانسون کے ممبئی پہنچنے کی پیش گوئی کی گئی ہے۔

محکمہ موسمیات نے رائے گڑھ، رتناگیری، سندھو درگ، پونے، ساتارا اور کولہاپور کے کچھ حصوں میں اورنج الرٹ جاری کیا ہے۔ ان علاقوں میں 60 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے تیز ہوائیں چلنے، گرج چمک کے ساتھ موسلا دھار بارش اور بجلی گرنے کے امکانات ہیں۔ یہ الرٹ 5 دنوں تک نافذ العمل رہنے کا امکان ہے، جبکہ رائے گڑھ کے لیے الرٹ 26 مئی تک جاری رہے گا۔

ممبئی، تھانے اور پالگھر کے لیے یلو الرٹ جاری کیا گیا ہے، جہاں پری مانسون کی بارش کے ساتھ تیز ہواؤں اور بجلی کی گرج چمک کی پیش گوئی کی گئی ہے۔ بی ایم سی حکام کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں میں ممبئی میں 37 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی ہے۔

محکمہ موسمیات کے ایک افسر سبھانگی کے مطابق، انتظامیہ اور شہریوں کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ موسم کی بدلتی صورت حال پر نگاہ رکھیں اور احتیاطی تدابیر اختیار کریں۔

واضح رہے کہ رواں سال مانسون کیرالہ میں بھی معمول سے آٹھ دن قبل 19 مئی کو داخل ہوا تھا، جو گزشتہ 16 برسوں میں سب سے جلدی مانسون کی آمد سمجھی جا رہی ہے۔ اس سے قبل 2009 اور 2001 میں 23 مئی کو کیرالہ میں مانسون نے دستک دی تھی، جبکہ 1918 میں 11 مئی کو مانسون کی آمد ایک ریکارڈ کے طور پر درج ہے۔

وقت سے پہلے بارش ، پیاز کے کاشتکار شدید بحران کے شکار ، قیمتوں میں گراوٹ

علی گڑھ میں چار مسلمانوں پر ہجومی حملہ، کنٹینر کو آگ لگا دی گئی