مدرسہ عربیہ تعلیم القرآن تینگن گنڈی کا سالانہ جلسہ ، ممتاز طلبہ وطالبات کے درمیان تقسیم کیے گیے انعامات

بھٹکل : مدرسہ عربیہ تعلیم القرآن تینگن گنڈی کا سالانہ جلسہ اور تقسیمِ انعامات کا پروگرام آج صبح دس بجے جامع مسجد تینگن گنڈی میں منعقد ہوا جس میں سالانہ نتائج کا اعلان کیا گیا اور ممتاز طلبہ وطالبات کے درمیان انعامات تقسیم کیے گیے۔ مہتمم مدرسہ مولانا محمد سعود صاحب ندوی نے سالانہ رپورٹ پیش کی اور بتایا کہ آج سے پچاس سال قبل قائم ہونے والے اس مدرسہ کا فیض ریاستِ کرناٹک سے نکل کر ملک کے مختلف صوبوں اور بیرونِ ممالک تک پہنچ چکا ہے۔ تقریباً اب تک پانچ سو طلبہ وطالبات نے یہاں حفظِ قرآن کی تکمیل کی ہے اور مختلف دینی اور دعوتی سرگرمیوں کے ذریعہ یہاں کے فارغین قوم وملت کی خدمت کررہے ہیں۔

اس موقع پر مہمانِ خصوصی استاد جامعہ اسلامیہ بھٹکل مولانا محمد اقبال ندوی نے علمِ دین کا حصول اور علماء سے محبت ایمان کا جزء بتایا اور مدرسہ کی تعمیر وترقی میں حصہ لینے پر دنیا وآخرت کی سعادت سے بہرہ ور ہونے کی بات کہی ۔ مولانا نے اپنے مال کو اللہ کے راستے میں خرچ کرنے کی بھی ترغیب دی۔

ایک اور مہمانِ خصوصی ڈاکٹر ہارون رشید صاحب بنگالی نے بھی موجودہ دور میں علم کی اہمیت اور اس کے ذریعہ سے مختلف میدان میں انجام پانے والی خدمات پر روشنی ڈالی اور حدیث شریف کی روشنی میں مفاتیح خیر بننے کے لیے آگے آنے پر زور دیا۔

پروگرام کا آغاز محمد مستجاب بن منصور علی عثمانی کی تلاوتِ کلام پاک سے ہوا۔ محمد رکبان ابن حسین ملا نے نعت پیش کی اور سعید الرحمن بن عتیق الرحمن نے اردو تقریر پیش کی۔ اس کے علاوہ احادیث ، دعائیں مسابقہ کی جھلکیاں بھی پیش طلبہ نے بڑے ہی اچھے انداز میں پیش کیں۔ طالبات نے اپنی خوبصورت آواز میں مناجات پیش کی۔ نتائج کا اعلان نائب مہتمم مدرسہ مولانا محمد اسحاق ندوی نے کیا اور نظامت کے فرائض عتیق الرحمن ندوی نے انجام دیئے۔ جلسہ کی صدارت صدرِ مدرسہ جناب محمد غوث بنگالی نے کی ۔ اسٹیج پر بانی وناظم مدرسہ محترم المقام حافظ عبدالقادرصاحب ڈانگی ، نائب صدرِ مدرسہ محمد علی ڈانگی اور دیگر موجود تھے۔

واضح رہے کہ مدرسہ کے شعبہ للبنات میں عربی درجات اور شعبۂ حفظ مدرسۃ المحصنات کا نتیجہ مدرسۃ المحصنات کے الحاج محی الدین منیری ہال میں سنایا گیا اور ان کے درمیان بھی انعامات تقسیم کیے گیے۔

«
»

حجاب کا مسئلہ ؟ فرانس میں مسلم خواتین کے لیے مسائل بڑھ گیے

،ریکھا گپنا بنی دہلی کی وزیر اعلیٰ ، کہا، حکومت انتخابی مہم کے دوران کیے گئے وعدوں کو ہر حال میں پورا کرے گی