کویت پر ایرانی ڈرون حملے میں دو اطالوی شہری ہلاک

کویت سٹی: کویت کی وزارتِ خارجہ نے ملک کے خلاف مبینہ ایرانی ڈرون حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے اسے کویت کی خودمختاری کی کھلی خلاف ورزی اور بین الاقوامی قوانین کی سنگین پامالی قرار دیا ہے۔ اس واقعے میں دو اطالوی شہری جاں بحق جبکہ دیگر افراد زخمی ہوئے ہیں۔

وزارتِ خارجہ کی جانب سے جاری کردہ باضابطہ بیان میں کہا گیا ہے کہ اس نوعیت کے مسلسل حملے خطے میں کشیدگی کو خطرناک حد تک بڑھا رہے ہیں، جو نہ صرف علاقائی امن و استحکام کے لیے سنگین خطرہ ہیں بلکہ کشیدگی کم کرنے اور مذاکرات کے ذریعے مسائل حل کرنے کی سفارتی کوششوں کو بھی نقصان پہنچا رہے ہیں۔

کویتی وزارتِ خارجہ نے دو ٹوک مؤقف اختیار کرتے ہوئے واضح کیا ہے کہ کویت بین الاقوامی قوانین کے تحت اپنے بنیادی حقِ دفاع کو استعمال کرتے ہوئے اپنی خودمختاری کے تحفظ، سلامتی برقرار رکھنے اور اپنی سرزمین و اہم تنصیبات کو کسی بھی جارحیت سے بچانے کے لیے تمام ضروری اقدامات کرنے کا پورا حق محفوظ رکھتا ہے۔ بیان میں اس افسوسناک واقعے میں دو اطالوی شہریوں کی ہلاکت پر اٹلی کی حکومت اور عوام کے ساتھ گہری ہمدردی اور تعزیت کا اظہار بھی کیا گیا ہے۔

دوسری جانب کویت کی وزارتِ دفاع اور بین الاقوامی ذرائع ابلاغ سے موصولہ تفصیلات کے مطابق کویت کی فضائی حدود میں ایک اہم تنصیب کی جانب بڑھنے والے ڈرونز کو فضائی دفاعی نظام کے ذریعے فضا میں ہی تباہ کر دیا گیا تھا۔ تاہم، تباہ ہونے والے ڈرونز کا ملبہ اور دھات کے ٹکڑے گرنے سے دو اطالوی شہری ہلاک ہو گئے۔ کویتی فوج کے مطابق ملبے کی زد میں آ کر زخمی ہونے والوں میں ایک کویتی شہری اور ایک پاکستانی باشندہ بھی شامل ہیں۔

اطالوی خبر رساں ایجنسی ’انسا‘ (ANSA) کے حوالے سے بتایا گیا ہے کہ ہلاک ہونے والے اطالوی شہری جرمن دفاعی سازوسامان تیار کرنے والی کمپنی ’رائن میٹل‘ (Rheinmetall) کے ملازمین تھے۔ ادھر اٹلی کی وزیر اعظم جارجیا میلونی نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ پر اپنے بیان میں کویت میں اطالوی شہریوں کی ہلاکت پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے متاثرہ خاندانوں سے تعزیت کی ہے

مشرقِ وسطیٰ میں جاری کشیدگی کے درمیان اس واقعے نے سفارتی حلقوں میں تشویش بڑھا دی ہے۔ جہاں کویت اور اٹلی کی جانب سے اس واقعے پر شدید ردِعمل سامنے آیا ہے، وہیں علاقائی میڈیا رپورٹس کے مطابق تہران نے اربیل اور کویت میں ہونے والے حملوں میں ملوث ہونے کی تردید کی ہے۔

شیئر کریں۔