قرآن ہدایت کا سرچشمہ ، اس پر عمل ہی تمام مسائل کا حل : مولانا عبد السبحان ناخدا ندوی
بھٹکل (فکروخبر نیوز) بھٹکل کے سلمان آباد میں واقع مسجد سلمان فارسی میں ایک روحانی جلسہ برائے ختمِ تفسیرِ قرآن منعقد ہوا۔ اس نورانی محفل میں ندوۃ العلماء لکھنؤ کے استادِ تفسیر اور معروف مفسرِ قرآن مولانا عبد السبحان ناخدا ندوی نے بحیثیت مہمانِ خصوصی شرکت کی اور اپنے فکر انگیز بیان سے حاضری کے قلوب کو منور کیا۔
آج بعد نمازِ مغرب متصل منعقدہ اس جلسے میں مفسرِ قرآن مولانا عبد سبحان ناخدا ندوی نے قرآنِ مجید کے فہم، اس کے تدبر اور تعلیماتِ قرآن کو روزمرہ کی زندگی میں نافذ کرنے کی اہمیت پر تفصیلی روشنی ڈالی۔ انہوں نے کہا کہ قرآنِ کریم ہدایت کا وہ سرچشمہ ہے جس سے وابستگی انسان کی دنیا و آخرت کی کامیابی کی ضامن ہے۔ مولانا موصوف نے مزید کہا کہ تلاوتِ قرآن کے ساتھ ساتھ اس کے معانی و مطالب کو سمجھنا اور اپنی خانگی و اجتماعی زندگی کو احکامِ الٰہی کے تابع بنانا ہر مسلمان کی بنیادی ذمہ داری ہے۔ انہوں نے موجودہ دور کے خاندانی اور معاشرتی مسائل کا حل قرآنی تعلیمات پر عمل پیرا ہونے میں بتاتے ہوئے نوجوان نسل کی قرآنی خطوط پر تربیت اور ان کے اخلاق و کردار کو قرآنی سانچے میں ڈھالنے کی ضرورت پر بھی زور دیا۔ نیز حاضرین کو ترغیب دی کہ وہ اپنے گھروں اور مساجد میں باقاعدگی کے ساتھ فہمِ قرآن کی مجلسوں اور درسِ قرآن کا اہتمام کریں تاکہ معاشرے میں قرآن کو سمجھنے کا ذوق بیدار ہو۔
مسجد سلمان فارسی کے ذمہ داران کی جانب سے منعقدہ یہ بابرکت پروگرام نمازِ مغرب سے نمازِ عشاء تک جاری رہا، جس میں سلمان آباد اور اطراف و اکناف کی عوام نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔ اختتام پر امتِ مسلمہ کے اتحاد اور امن و سلامتی کے لیے خصوصی دعا کی گئی۔




