کرناٹک SSLC نتائج کا اعلان: ساحلی اضلاع دکشنا کنڑا ، اڈپی اور اتراکنڑا کو ملا بالترتیب اول ، دوم اور سوم مقام

بنگلورو: کرناٹک اسکول ایگزامینیشن اینڈ اسسمنٹ بورڈ نے تعلیمی سال 2025-26 کے دسویں جماعت (SSLC) کے نتائج جاری کر دیے ہیں۔ امسال بھی ساحلی کرناٹک کے اضلاع نے اپنی تعلیمی برتری ثابت کرتے ہوئے ریاست کی پہلی تین پوزیشنز پر قبضہ جما لیا ہے

 ریاستی وزیر تعلیم مدھو بنگارپا نے جمعرات کو ایک پریس کانفرنس کے دوران نتائج کی تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ اس سال ریاست کا مجموعی نتیجہ 94.1 فیصد رہا۔ اعداد و شمار کے مطابق، کل 7,70,209 طلبہ نے امتحان دیا تھا، جن میں سے 7,24,794 طلبہ نے کامیابی حاصل کی۔ واضح رہے کہ یہ امتحانات مارچ اور اپریل کے درمیان ریاست کے 2,870 مراکز پر منعقد ہوئے تھے۔

ضلع وار رینکنگ میں ساحلی کرناٹک کے تینوں اضلاع نے نمایاں کامیابی حاصل کی ہے:

دکشن کنڑا: 98.40 فیصد نتائج کے ساتھ ریاست بھر میں پہلے نمبر پر رہا۔

اڈپی: 98.18 فیصد کے ساتھ دوسری پوزیشن حاصل کی۔

اتر کنڑا: 98.09 فیصد کامیابی کے ساتھ تیسرے مقام پر رہا۔

 ریاست کے دیگر حصوں میں ہاسن (97.51%)، منڈیا (97.45%) اور سرسی (97.21%) کی کارکردگی بھی بہترین رہی۔ بنگلورو نارتھ نے 95.34 فیصد اور میسورو نے 94.50 فیصد نتائج درج کیے۔ دوسری جانب کلبرگی ضلع 85.06 فیصد نتائج کے ساتھ فہرست میں سب سے نیچے رہا۔

شیئر کریں۔