بنگلورو: کرناٹک میں راشن دکانوں پر لگنے والی لمبی قطاروں اور سرور ڈاؤن ہونے کے باعث پیدا ہونے والی شدید مشکلات کے پیشِ نظر، ریاستی حکومت نے راشن کارڈ e-KYC کی تصدیق کی آخری تاریخ کو بڑھا کر 20 اکتوبر 2026 کردی گئی ہے۔
اس سے قبل اے پی ایل (APL) اور بی پی ایل (BPL) راشن کارڈز کے لیے e-KYC مکمل کرنے کی آخری تاریخ 30 ستمبر مقرر کی گئی تھی۔ لیکن راشن کی دکانوں پر بے تحاشا بھیڑ اور تکنیکی خرابیوں کی وجہ سے عام شہریوں کو اپنے روزمرہ کے کام چھوڑ کر گھنٹوں قطاروں میں کھڑا رہنا پڑ رہا تھا، جس سے عوام میں شدید بے چینی پھیل گئی تھی۔ ریاست میں ایک کروڑ سے زائد راشن کارڈز کی تصدیق ابھی باقی ہے، جس کے پیشِ نظر مذکورہ فیصلہ کیا گیا ہے۔
مرکزی حکومت کی ہدایات کے مطابق ہر پانچ سال میں ایک بار راشن کارڈ ہولڈرز کے لیے e-KYC اپ ڈیٹ کرنا لازمی ہے۔ ریاست بھر کے تقریباً 2.67 کروڑ مستحقین میں سے جو افراد توسیع شدہ تاریخ تک یہ عمل مکمل نہیں کریں گے ان کے راشن کارڈ منسوخ ہونے کا خدشہ ہے۔
حکام نے شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ بغیر کسی خوف و ہراس کے اس اضافی وقت کا فائدہ اٹھائیں۔ تصدیق کے عمل کو آسانی سے مکمل کرنے کے لیے تمام اہل خانہ کے اصل شناخت نامے، راشن کارڈ نمبر، منسلک موبائل نمبر اور ایل پی جی گیس کنکشن کی تفصیلات تیار رکھیں۔ متعلقہ حکام نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ بلا وجہ دکانوں پر بھیڑ بھاڑ کرنے کے بجائے دیے گئے وقت میں تسلی بخش طریقے سے اپنا کام مکمل کروائیں۔




