بنگلورو: ریاست میں کئی دنوں سے جھلسا دینے والی گرمی سے عوام پریشان ہیں۔ کئی شہروں میں درجۂ حرارت چالیس کے پارجاچکا ہے۔ کلبرگی میں سب سے زیادہ گرمی 42 ڈگری سیلسیس ریکارڈ کی گئی۔ بڑھتی گرمی کے درمیان عوام کے لیے ایک خوش کن خبر ہے کہ ریاست کے مختلف اضلاع میں 11 مئی تک بارش کے امکانات ہیں۔ محکمہ موسمیات کے مطابق 7 مئی سے ریاست میں بارش کی شدت دوبارہ شروع ہوسکتی ہے۔ ۔محکمہ نے پیش گوئی کی ہے کہ اُڈپی، شمالی کینرا، جنوبی کینرا، بیلگاوی، بیدر، دھارواڑ، گدگ، ہاویری، کلبرگی، کوپل، رائچور، وجیپور، یادگیر، بلاری، بنگلورو اربن و رورل، چامراج نگر، چکمگلور، چترا درگہ، داونگیرے، ہاسن، کوڈاگو، کولار، منڈیا، میسور، رام نگر، شیموگہ، ٹمکورو اور وجے نگر اضلاع میں ہلکی سے درمیانی بارش متوقع ہے۔م حکمہ موسمیات نے موجودہ درجہ حرارت کے اعداد و شمار بھی جاری کیے ہیں۔ بنگلورو شہر میں درجہ حرارت 32.0 ڈگری زیادہ اور 21.7 ڈگری کم ریکارڈ کیا گیا۔ایچ اے ایل میں زیادہ سے زیادہ 32.6 اور کم از کم 20.1 ڈگری سیلسیس،کے آئی اے ایل میں زیادہ سے زیادہ 34.3 اور کم از کم 21.8 ڈگری،جے کے وی کے میں 33.2 زیادہ اور 19.2 ڈگری کم درج ہوا۔ساحلی علاقوں میں بھی گرمی کا اثر جاری رہا جیسے ہوناور میں 34.7 اور 26.2،کاروار میں 36.8 اور 28.7،پنبور میں 34.2 اور 24.1 ڈگری سیلسیس درجہ حرارت ریکارڈ کیا گیا۔ماہرین کے مطابق، اگر بارش مسلسل جاری رہی تو آنے والے دنوں میں گرمی کی شدت میں کمی ممکن ہے۔