بنگلور : کرناٹک قانون ساز اسمبلی نے بی جے پی کے رکن اسمبلی جی۔ جناردھن ریڈی کو سزا یافتہ قرار دیے جانے کے بعد اسمبلی رکنیت سے نااہل قرار دے دیا ہے۔ وہ گنگاوتی حلقۂ انتخاب سے رکن اسمبلی تھے۔یہ کارروائی 6 مئی 2025 کو سی بی آئی مقدمات کی خصوصی عدالت، حیدرآباد کی طرف سے مجرمانہ مقدمہ نمبر 1/2012 میں سزا سنائے جانے کے بعد عمل میں آئی ہے۔ اسمبلی سیکریٹریٹ کی جانب سے جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق، آئین ہند کے آرٹیکل 191(1)(e) اور عوامی نمائندگی ایکٹ 1951 کی دفعہ 8 کے تحت جناردھن ریڈی کو نااہل قرار دیا گیا ہے۔نوٹیفکیشن میں مزید بتایا گیا ہے کہ سزا مکمل ہونے کے بعد بھی جناردھن ریڈی مزید چھ سال کے لیے انتخابی سیاست میں حصہ لینے کے اہل نہیں ہوں گے، جب تک کہ ان کی سزا پر کسی مجاز عدالت کی طرف سے حکمِ امتناعی جاری نہ ہو جائے۔اس فیصلے کے بعد کرناٹک اسمبلی کی گنگاوتی نشست باقاعدہ طور پر خالی قرار دے دی گئی ہے، جس کا اعلامیہ اسمبلی کی سیکریٹری ایم کے وشالاکشی کی جانب سے جاری کیا گیا۔