بھٹکل کے ویلفیئر اسپتال میں 20 ستمبر 2026 کو ایک روزہ مفت طبی معائنہ کیمپ کا انعقاد کیا جا رہا ہے۔ یہ کیمپ ویلفیئر اسپتال اور بھٹکل مسلم یوتھ فیڈریشن (بی ایم وائی ایف) کے اشتراک سے اور منگلورو کے معروف طبی ادارے اے جے انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز اینڈ ریسرچ سینٹر کے باہمی تعاون سے صبح 10 بجے سے دوپہر 2 بجے تک جاری رہے گا۔ کیمپ کا بنیادی مقصد مقامی شہریوں کو جدید اور معیاری طبی سہولیات مقامی سطح پر بلامعاوضہ فراہم کرنا ہے۔
اس میڈیکل کیمپ میں مختلف شعبوں کے سینئر ماہرین اپنی خدمات انجام دیں گے۔ کیمپ میں امراض گردہ و مثانہ (یورولوجسٹ) کے ماہر ڈاکٹر روشن شیٹی، ماہر امراض اطفال ڈاکٹر پوترا، کان، ناک اور گلے کی امراض (ای این ٹی) کی ماہر ڈاکٹر دیپا لکشمی، اور ہڈیوں و جوڑوں کے امراض (آرتھوپیڈک) کے ماہر ڈاکٹر حنان مریضوں کا تفصیلی معائنہ کریں گے اور مفت طبی مشورے فراہم کریں گے۔
طبی معائنے کے علاوہ کیمپ میں آنے والے مریضوں کے لیے مفت ای سی جی ٹیسٹ کی سہولت بھی رکھی گئی ہے۔ مزید تفصیلی جانچ کے ضرورت مند مریضوں کے لیے ویلفیئر اسپتال میں مناسب انتظامات کیے گئے ہیں۔ پریس کانفرنس کے دوران منتظمین نے اعلان کیا کہ جن مریضوں کو تفصیلی جانچ یا اعلیٰ علاج کے لیے ریفر کیا جائے گا، انہیں لیبارٹری ٹیسٹ، ریڈیالوجی، ادویات اور دیگر تشخیصی سہولیات پر 20 سے 40 فیصد تک کی خصوصی رعایت دی جائے گی، جبکہ اسپتال میں داخلے کے اخراجات پر بھی طے شدہ ضوابط کے تحت رعایت دی جائے گی۔
پریس کانفرنس میں اے جے اسپتال کے مارکیٹنگ منیجر پریتم فرانسس واس، ویلفیئر اسپتال کے ایڈمنسٹریٹر ابو الاعلیٰ برماور، بی ایم وائی ایف کے جنرل سیکریٹری مبشر ہلارے، سوشل سیکریٹری ظہیر شیخ اور اے جے اسپتال کے مارکیٹنگ ایگزیکٹو اشرف سدا نے مشترکہ طور پر عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ اس موقع سے بھرپور فائدہ اٹھائیں اور بروقت تشخیص کے ذریعے صحت مند زندگی کو یقینی بنائیں۔




