بھٹکل (فکروخبر نیوز) بھٹکل تعلقہ کے منڈلی میں دریائے سرابی کے کنارے واقع شمشان گھاٹ سے اٹھنے والا دھواں ندی کے دوسری جانب واقع ڈونگرپلی اور اطراف کے رہائشی علاقوں تک پہنچنے پر مقامی باشندوں نے سخت تشویش کا اظہار کرتے ہوئے شمشان گھاٹ کو آبادی سے دور کسی مناسب مقام پر منتقل کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔
اس سلسلے میں پیر کے روز ڈونگرپلی کی نوجوان اتحاد کمیٹی کے صدر محمد فیضان کی قیادت میں خواتین سمیت 50 سے زائد مقامی باشندوں پر مشتمل ایک وفد نے بھٹکل کے اسسٹنٹ کمشنر سے ملاقات کرکے انہیں ایک میمورنڈم پیش کیا۔ اس موقع پر سماجی کارکن آمنہ بیلی نے اسسٹنٹ کمشنر کے سامنے میمورنڈم پڑھ کر سنایا اور مقامی باشندوں کو درپیش مشکلات سے آگاہ کیا۔
کمیٹی کے سابق صدر یوسف بیلی نے مسئلے کی وضاحت کرتے ہوئے بتایا کہ ڈونگرپلی اور منڈلی کے درمیان دریائے سرابی بہتا ہے، جبکہ شمشان گھاٹ ندی کے منڈلی کی جانب واقع کنارے پر قائم ہے۔ ان کے مطابق آخری رسومات کے دوران اٹھنے والا دھواں ندی عبور کرکے ڈونگرپلی اور اس کے اطراف کے رہائشی علاقوں میں داخل ہوجاتا ہے، جس کے باعث مقامی لوگوں کو شدید دشواریوں کا سامنا کرنا پڑرہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ دھوئیں کے رہائشی علاقوں تک پہنچنے سے بالخصوص چھوٹے بچوں اور بزرگوں کی صحت متاثر ہونے کا اندیشہ ہے۔ اس صورتحال کو دیکھتے ہوئے ضروری ہے کہ متعلقہ حکام عوامی صحت اور ماحول کے تحفظ کو ترجیح دیتے ہوئے شمشان گھاٹ کو کسی دوسرے مناسب مقام پر منتقل کرنے کے لیے اقدامات کریں۔
یوسف بیلی نے مزید بتایا کہ ڈونگرپلی میں 50 سے زائد مکانات موجود ہیں، جبکہ اس کے آس پاس دیگر رہائشی علاقے اور عوامی مقامات بھی واقع ہیں۔ ان میں مسجد اور مندر بھی شامل ہیں۔ ایسی صورتحال میں شمشان گھاٹ سے اٹھنے والے دھوئیں کا آبادی تک پہنچنا مقامی باشندوں کے لیے تشویش کا باعث بنا ہوا ہے۔
نوجوان اتحاد کمیٹی نے اپنے میمورنڈم میں واضح کیا کہ اس کا اعتراض کسی بھی مذہبی برادری کے عقائد، روایات یا آخری رسومات کی ادائیگی کے خلاف نہیں ہے، بلکہ صرف شمشان گھاٹ کے موجودہ مقام اور اس سے اٹھنے والے دھوئیں کے ممکنہ اثرات سے متعلق ہے۔
کمیٹی کے مطابق اس مطالبے کا بنیادی مقصد تمام شہریوں کی صحت، سکون اور صاف ستھرے ماحول کا تحفظ ہے۔ اس لیے معاملے کو مذہبی نقطۂ نظر سے دیکھنے کے بجائے عوامی صحت اور ماحولیاتی تحفظ کے مسئلے کے طور پر حل کیا جانا چاہیے۔
میمورنڈم میں اسسٹنٹ کمشنر سے مطالبہ کیا گیا کہ شمشان گھاٹ کی منتقلی کے سلسلے میں حتمی فیصلہ ہونے تک موجودہ مقام پر آخری رسومات کے دوران آخری رسومات کی سرگرمیوں کو عارضی طور پر معطل کرنے کے احکامات جاری کیے جائیں۔




