بھٹکل (فکروخبر نیوز) ناظم ندوۃ العلماء لکھنؤ حضرت مولانا سید بلال عبدالحی حسنی ندوی نے مسلمانوں پر زور دیا ہے کہ وہ اپنے ایمان کی حفاظت اور اپنی زندگیوں کو اللہ تعالیٰ اور اس کے رسول ﷺ کی تعلیمات کے مطابق ڈھالنے کی فکر کریں۔ انہوں نے کہا کہ مسجدوں کی ظاہری تعمیر و ترقی کے ساتھ باطنی تعمیر کی طرف بھی خصوصی توجہ دینے کی ضرورت ہے، تاکہ مسجدیں محض عبادت گاہیں ہی نہیں بلکہ دینی تربیت اور اصلاحِ معاشرہ کا مؤثر مرکز بن سکیں۔ مولانا موصوف نے ان خیالات کا اظہار اتوار کی شب بعد نمازِ عشاء جامعہ اسلامیہ بھٹکل کے زیرِ اہتمام مسجد تنظیم (ملیہ)، نوائط کالونی میں منعقدہ اصلاحِ معاشرہ کے خصوصی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔
مولانا نے اپنے خطاب میں ایمان کی اہمیت کو اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ انسان کو سب سے زیادہ فکر اپنے ایمان کی ہونی چاہیے اور ایمان کا تقاضا یہ ہے کہ زندگی کے ہر شعبے میں اللہ تعالیٰ اور اس کے رسول ﷺ کی ہدایات کو پیش نظر رکھا جائے۔ انہوں نے اللہ تعالیٰ سے مضبوط تعلق قائم کرنے کی تلقین کرتے ہوئے کہا کہ جس انسان کا اپنے رب سے تعلق مضبوط ہوتا ہے، وہ نامساعد حالات میں بھی مایوسی کا شکار نہیں ہوتا بلکہ اللہ کی رحمت اور اس کی مدد پر بھروسہ کرتے ہوئے زندگی گزارتا ہے۔
انہوں نے معاشی معاملات میں پاکیزگی اور دیانت داری اختیار کرنے کی تاکید کرتے ہوئے مشتبہ مال سے بچنے اور اسراف و فضول خرچی سے اجتناب کرنے کی نصیحت کی۔ مولانا نے مال و دولت کے صحیح استعمال کی اہمیت بیان کرتے ہوئے کہا کہ انسان اللہ کی رضا کے لیے اور انسانی ہمدردی کے جذبے سے جو مال خرچ کرتا ہے، وہ درحقیقت اللہ تعالیٰ کے ہاں اس کے لیے ذخیرہ ہوجاتا ہے۔
اپنے خطاب میں مولانا نے بھٹکل کے دینی ماحول اور یہاں جاری علمی و اصلاحی سرگرمیوں کی خصوصی ستائش کی۔ انہوں نے بھٹکل کو ایک مثالی قصبہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہاں کے مسلمانوں میں دینی فہم و شعور پایا جاتا ہے اور علماء و حفاظ کی ایک بڑی تعداد موجود ہے۔ شاید ہی کسی دوسرے چھوٹے علاقے میں اتنی بڑی تعداد میں علماء اور حفاظ پائے جاتے ہوں۔ انہوں نے اس بات پر بھی مسرت کا اظہار کیا کہ بھٹکل میں دینی و اصلاحی کام ایک منظم نظام کے تحت جاری ہیں۔ مولانا نے کہا کہ یہ تمام دینی و علمی خدمات اللہ تعالیٰ کی بڑی نعمت ہیں اور ضرورت اس بات کی ہے کہ ان کی قدر کی جائے اور ان سے بھرپور استفادہ کیا جائے۔ انہوں نے حاضرین کو اپنے گھروں اور ذاتی زندگیوں کا جائزہ لینے کی تلقین کرتے ہوئے کہا کہ اصلاح کی ابتدا اپنی ذات اور اپنے گھر سے ہونی چاہیے۔ انسان کو مسلسل اس بات کا محاسبہ کرتے رہنا چاہیے کہ اس کی زندگی کس حد تک اسلامی تعلیمات کے مطابق گزر رہی ہے۔
اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے مفتی غلام پٹیل گجراتی نے کہا کہ امتِ محمدیہ کو صرف نماز اور روزے جیسی عبادات ہی کی تعلیم نہیں دی گئی بلکہ زندگی کے ہر شعبے میں اس کی مکمل رہنمائی کی گئی ہے۔ اسلام نے عبادات کے ساتھ معاملات، معاشرت اور اخلاقیات کے بارے میں بھی واضح ہدایات دی ہیں۔ انہوں نے بالخصوص تاجروں کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ تجارتی معاملات میں جھوٹ اور بددیانتی سے بچنا ضروری ہے۔ بعض تاجروں میں یہ تصور پایا جاتا ہے کہ جھوٹ کے بغیر تجارت ممکن نہیں، حالانکہ مسلمان تاجر کو ہر حال میں سچائی اور دیانت داری کو اپنا شعار بنانا چاہیے۔
مولانا عبدالمالک نے اپنے خطاب میں رسول اللہ ﷺ کی سیرتِ طیبہ کو پوری انسانیت کے لیے بہترین نمونہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ آپ ﷺ کی پوری زندگی قرآنِ کریم کی عملی تفسیر تھی۔ انہوں نے کہا کہ معاشرے کی اصلاح محض احکامات جاری کرنے سے نہیں ہوتی بلکہ اس کے لیے عملی نمونے کی ضرورت ہوتی ہے۔ انہوں نے معاشرے کے ذمہ داران اور عوام کے درمیان مضبوط روابط قائم کرنے پر زور دیتے ہوئے کہا کہ قائدین کو عوام سے تعلقات مضبوط کرنے چاہئیں اور عوام کو بھی اپنے قائدین پر اعتماد کرنا چاہیے۔ انہوں نے اخلاقِ کریمانہ اختیار کرنے کی بھی تلقین کی۔
مولانا عقیل نے اصلاحِ معاشرہ کی اہمیت پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ ہر گھر کے ذمہ دار پر یہ دینی فریضہ عائد ہوتا ہے کہ وہ اپنی اصلاح کے ساتھ اپنے اہلِ خانہ کی دینی تربیت اور انہیں آخرت کی ناکامی سے بچانے کی بھی فکر کرے۔ انہوں نے قرآنِ کریم کی مختلف آیات کی روشنی میں واضح کیا کہ اصلاحِ معاشرہ کی کوششوں کا آغاز سب سے پہلے اپنی ذات سے ہونا چاہیے۔ جب افراد اپنی زندگیوں کو اسلامی تعلیمات کے مطابق ڈھالنے کی کوشش کریں گے تو اس کے مثبت اثرات خاندان اور پورے معاشرے پر مرتب ہوں گے۔
مولانا عابد کیرانوی نے جامعہ اسلامیہ بھٹکل اور مولانا ابوالحسن علی ندوی اسلامک اکیڈمی کی علمی، دینی اور فلاحی خدمات کا تذکرہ کرتے ہوئے کہا کہ یہ تمام کوششیں درحقیقت آخرت کے لیے قیمتی سرمایہ ہیں۔ انہوں نے حاضرین کو علماء کی قدر کرنے، ان کی خدمات کو سراہنے اور ان کی رہنمائی میں اپنی زندگیوں کو اسلامی تعلیمات کے مطابق ڈھالنے کی تلقین کی۔
اصلاحِ معاشرہ کے اس خصوصی اجلاس میں علماء نے انفرادی و اجتماعی زندگی میں اسلامی تعلیمات کو اختیار کرنے، معاملات میں سچائی و دیانت داری، گھروں کے دینی ماحول کو بہتر بنانے اور معاشرے میں باہمی اعتماد و اخلاقی اقدار کو فروغ دینے کی اہمیت پر زور دیا۔
اس سے قبل اجلاس کا آغاز حافظ اصغر ندوی کی تلاوتِ کلامِ پاک سے ہوا، جس کے بعد محمد رائد قاضی نے نعتِ رسول مقبول ﷺ پیش کی۔ جامعہ اسلامیہ بھٹکل کے مہتمم مولانا مقبول احمد ندوی نے استقبالیہ کلمات پیش کرتے ہوئے علماء اور حاضرین کا خیرمقدم کیا۔
پروگرام کی نظامت کے فرائض مولانا عرفان ندوی نے بحسن و خوبی انجام دیے، مولانا سید بلال حسنی ندوی کی دعا پراصلاحِ معاشرہ کا یہ اجلاس اختتام پذیر ہوا۔




