منگلورو (فکروخبر نیوز) منگلورو سٹی پولیس کی سنٹرل کرائم برانچ (CCB) نے ایک بڑی کارروائی انجام دیتے ہوئے 25 سالوں سے خود کو نیشنل کرائم انویسٹی گیشن بیورو (NCIB) کا جعلی افسر بتا کر لوگوں کو لوٹنے والے 64 سالہ شخص کو کیرالہ سے گرفتار کر لیا ہے۔ پولیس کے مطابق ملزم کی شناخت سیم پیٹر عرف شیام پیٹر کے طور پر ہوئی ہے، جسے 31 اگست کو کیرالہ کے ضلع کنور سے حراست میں لیا گیا۔ ملزم ستمبر 2023 میں ضمانت پر رہائی کے بعد سے مفرور تھا اور متعدد سنگین مقدمات میں مطلوب تھا۔
منگلورو پولیس کمشنر سدھیر کمار ریڈی نے معاملے کی تفصیلات دیتے ہوئے بتایا کہ سیم پیٹر کو اس سے قبل 16 اگست 2019 کو منگلورو ایسٹ پولیس نے پمپ ویل کے ایک لاڈج سے اس کے 8 ساتھیوں کے ساتھ گرفتار کیا تھا۔ ستمبر 2023 میں عدالت سے ضمانت ملنے کے بعد سے وہ روپوش ہو گیا تھا، جس کے بعد عدالتوں نے اس کے خلاف متعدد بار اشتہار جاری کیے۔ پولیس کمشنر کے مطابق سال 2001 میں انٹرپول کی جانب سے بھی اس کے خلاف ‘ریڈ کارنر نوٹس’ جاری کیا جا چکا تھا۔
اصل میں کولم کے کاوناد کا رہنے والا سیم پیٹر ایک درجن کے قریب جعلی ناموں سے پہچانا جاتا تھا، جن میں ڈینی تارکن، اینتھونی، شیام پیٹر، راہل پیٹر، اور راجیش روبنسن جیسے نام شامل ہیں۔ پولیس تحقیق کے مطابق ملزم نے ایک منظم گینگ بنا رکھا تھا اور وہ مالی تنازعات، بینک فراڈ اور ٹیکس چوری کے معاملات میں ملوث لوگوں کو نشانہ بناتا تھا۔ وہ خود کو NCIB کا اعلٰی افسر ظاہر کر کے کارروائی کا خوف دلاتا اور ان سے بڑی رقمیں بٹورتا تھا۔
ملزم کے خلاف منگلورو شہر کے ایسٹ، الُال، کونا جے، چک بلاپور، بنگلورو، اڈپی اور کشال نگر کے علاوہ بہار، تمل ناڈو، مہاراشٹر، اتر پردیش، چھتیس گڑھ، جھارکھنڈ اور مدھیہ پردیش جیسے دیگر ریاستوں میں 17 سے زیادہ سنگین مقدمات درج ہیں۔ الُال کیس میں 17 مرتبہ اور منگلورو ایسٹ کیس میں 14 مرتبہ اس کے خلاف گرفتاری کے وارنٹ جاری ہو چکے تھے۔ مزید تفتیش اور قانونی کارروائی کے لیے ملزم کو منگلورو ایسٹ پولیس کے حوالے کر دیا گیا ہے۔




