منگلورو(فکروخبرنیوز) ووٹر لسٹ کی خصوصی نظرثانی (SIR) کے عمل کے دوران نام کے اندراج میں تفاوت کی بنیاد پر پدم شری ایوارڈ یافتہ معروف سماجی رہنما ہری ایڈکا حاجی ابا کو جاری کردہ نوٹس الیکشن کمیشن نے واپس لے لیا ہے۔
رپورٹس کے مطابق الیکشن کمیشن نے ہری ایڈکا حاجی ابا کو 11 ستمبر کو ضروری دستاویزات کے ساتھ پیش ہونے کی ہدایت دی تھی۔ جیسے ہی یہ معاملہ میڈیا اور سوشل میڈیا پر وائرل ہوا الیکشن کمیشن کے اعلیٰ حکام نے فوری نوٹس لیتے ہوئے معاملے کا جائزہ لیا اور نوٹس واپس لینے کا فیصلہ کیا۔
واقعے کے بارے میں بات کرتے ہوئے پدم شری ہری ایڈکا حاجی ابا نے بتایا کہ الیکشن کمیشن کا نوٹس ملنے کی خبر جیسے ہی عام ہوئی، متعلقہ محکمہ کے ذمہ داران فوری طور پر ان کے گھر پہنچے۔ حکام نے ان سے نوٹس کی کاپی واپس لی اور بتایا کہ وہ اس معاملے کا ازسرنو جائزہ لیں گے اور جلد دوبارہ رابطہ کریں گے۔
ہری ایڈکا حاجی ابا نے امید ظاہر کی کہ یہ مسئلہ جلد اور بآسانی حل ہو جائے گا، کیونکہ 2004ء سے لے کر اب تک ان کی تمام سرکاری دستاویزات اور شناختی کارڈز میں ان کا نام ایک ہی انداز ” ہری ایڈکا حاجی ابا ” ہی درج ہے۔




