چنئی میں مجمع الامام الشافعی العالمی کا پانچواں فقہی سمینار جاری، سونے کی خرید و فروخت اور جمعہ و نقل مکانی کے اہم مسائل پر بحث

چنئی فکرو خبر نیوز/ مجمع الامام الشافعی العالمی کے زیر اہتمام پانچویں فقہی سمینار چنئی کے حج ہاؤس میں چل رہا ہے۔ آج صبح ساڑھے آٹھ بجے اس کی تیسری نشست تلاوت کلام پاک سے شروع ہوئی جس کے بعد چیف مفتی جامعہ مسجد ممبئی مولانا مفتی اشفاق قاضی نے سونے کی خرید و فروخت سے متعلق چند جدید مسائل پر اپنا عرض مسئلہ پیش کیا جس میں انہوں نے مختلف محققین کے ارا ءدلائل کے ساتھ پیش کیے اس کے بعد تمل زبان میں بھی عرض مسئلہ کا خلاصہ پیش کیا گیا۔
جلسے کی صدارت جماعت العلماء کے صدر مولانا خواجہ معین الدین صاحب نے کی جس میں انہوں نے مفتیان کرام اور باحثین کی کوششوں کی سراہنا کی اور اس طرح کے سمیناروں کو موجودہ دور کی اہم ضرورت بتایا۔
اس نشست کے معا بعدچوتھی نشست جمعہ اور نقل مکانی کے بعض اہم مسائل کے عنوان پر منعقد کی گئی جس میں مفتی فیاض احمد برما رے اور مفتی ظہور پٹیل نے عرض مسئلہ پیش کیا۔ ان دونوں مفتیان نے عرض مسئلہ میں جمعہ اور نقل مکانی کے متعلق موجودہ دور کے بعض اہم مسائل پر تفصیلی بحث کی۔ اس کی صدارت قاضی جماعت المسلمین بھٹکل مولانا عبدالرب صاحب ندوی نے کی ، مولانانے صدارتی خطاب میں سمینار کے انعقاد پر اپنی خوشی کا اظہار کرتے ہوئے باحثین کی خدمات کو سراہا۔ مولانا نے جمعہ اور نقل مکانی کے عنوان پر پیش کیے جانے والے عرض مسئلہ پر بعض اہم امور کی طرف بھی حاضرین کی توجہ مبذول کرائی۔
ان دونوں نشستوں میں عرض مسئلہ پیش کیے جانے کے بعد حاضرین نے اس پر تفصیلی گفتگو کی اور باحثین کی آراء کو سامنے رکھتے ہوئے اپنی مفیدآراء بھی پیش کی جس کو تجاویز کمیٹی نے محفوظ کرلیا۔
قریب دو بجے دعائیہ کلمات پر یہ نشست اپنے اختتام کو پہنچی۔
اسٹیج پرمجمع الامام الشافعی العالمی کے صدر مولانا مفتی رفیق پورکر جنرل سیکرٹری مولانا عبید اللہ ندوی ،نائب صدر مولانا محمد انصار صاحب مدنی ندوی شیخ الحدیث جامعہ حسینیہ شری وردھن مولانا محمد ابراہیم صاحب ، جامعہ اسلامیہ کے نائب صدرمولانا عبدالمتین منیری ، مفتی اشفاق قاضی ، مفتی نذیر صاحب اور چنئی کے مقامی علماء بھی موجود تھے ۔

شیئر کریں۔