نئی دہلی: ملک میں دواؤں کے معیار کے حوالے سے ایک بار پھر تشویشناک رپورٹ منظرِ عام پر آئی ہے۔ مرکزی ادارہ برائے ادویات معیارات و کنٹرول (سی ڈی ایس سی او) کی اکتوبر ماہ کی معمول کی نگرانی جانچ میں 324 دواؤں کے نمونے مقررہ معیار پر پورے نہیں اترے ہیں، جبکہ ایک دوا کو نقلی بھی قرار دیا گیا ہے۔ ڈرگ ریگولیٹر کی جانب سے بدھ کو جاری کی گئی اس رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ ناکام ہونے والے نمونوں میں اعصابی درد کے لیے دی جانے والی پریگابلین کیپسول، زچگی کے دوران استعمال ہونے والا آکسی ٹوسن انجیکشن اور پیٹ کے کیڑوں کے علاج کی دوا البینڈازول کی گولیاں بھی شامل ہیں۔
سی ڈی ایس سی او کے اعداد و شمار کے مطابق اکتوبر میں معیار کی جانچ میں ناکام ہونے والے مجموعی 324 نمونوں میں سے 37 کی جانچ مرکزی ادویات کی تجربہ گاہوں میں کی گئی، جبکہ 287 نمونے مختلف ریاستوں کی تجربہ گاہوں میں مقررہ پیمانوں پر پورے نہیں اتر سکے
رپورٹ میں متاثرہ دواؤں اور ان میں پائی جانے والی تکنیکی خامیوں کی تفصیل بھی فراہم کی گئی ہے۔ اس فہرست میں سگنیچر فائٹو کیمیکل انڈسٹریز کے پریگابلین کیپسول آئی پی 300 ملی گرام، بایو میڈیکا لیبارٹریز لمیٹڈ کے آکسی ٹوسن انجیکشن آئی پی اور الٹرا ڈرگز پرائیویٹ لمیٹڈ کی البینڈازول گولی آئی پی 400 ملی گرام شامل ہیں۔
تجربہ گاہوں کی جانچ کے مطابق پریگابلین کے نمونے میں وزن کی یکسانیت اور دوا میں اس کے فعال جزو کی مقررہ مقدار سے متعلق ٹیسٹ مکمل نہیں ہو سکے۔ اسی طرح زچگی کے دوران استعمال ہونے والے آکسی ٹوسن انجیکشن کا نمونہ انڈین فارماکوپیا (آئی پی) 2022 کے جراثیم سے پاک ہونے کے لازمی معیار پر پورا نہیں اترا۔ مزید برآں البینڈازول گولی کا نمونہ تحلیل ہونے کی صلاحیت کے ٹیسٹ میں ناکام رہا، جو اس بات کا تعین کرتا ہے کہ کوئی دوا جسم میں جانے کے بعد کس طرح اور کتنی آسانی سے حل ہوتی ہے۔
غیر معیاری قرار دی گئی 324 دواؤں کے علاوہ آسام کی ریاستی ڈرگ لائسنسنگ اتھارٹی نے ایک دوا کو نقلی قرار دیا ہے۔ رپورٹ کے مطابق الزام ہے کہ ایک غیر مجاز مینوفیکچرر کسی دوسری کمپنی کے ملکیتی برانڈ نام کا استعمال کرتے ہوئے یہ دوا تیار کر رہا تھا۔ ریگولیٹری حکام کے مطابق فی الحال اس معاملے کی تفتیش جاری ہے اور ڈرگز اینڈ کاسمیٹکس ایکٹ اور اس کے تحت نافذ ضابطوں کے مطابق قصورواروں کے خلاف قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
طبی ضابطوں کے تحت ’این ایس کیو‘ یعنی مقررہ معیار پر پورا نہ اترنے والی دوائیں ان مصنوعات کو کہا جاتا ہے جن کے نمونے لیبلنگ، تحلیل ہونے کی صلاحیت، وزن کی یکسانیت یا جراثیم سے پاک ہونے جیسے معیارات پر ناکام ہو جائیں۔ ملاوٹ شدہ اور نقلی دواؤں کو اس سے الگ اور زیادہ سنگین زمرے میں رکھا جاتا ہے۔
اگرچہ ایسی غیر معیاری دوائیں مریضوں کی صحت کے لیے سنگین خطرہ بن سکتی ہیں اور بعض حالات میں شدید مضر اثرات یا جان لیوا ثابت ہو سکتی ہیں، تاہم سی ڈی ایس سی او نے ایک اہم وضاحت بھی جاری کی ہے۔ ادارے کے مطابق کسی دوا کو این ایس کیو اسی وقت قرار دیا جاتا ہے جب سرکاری تجربہ گاہ میں جانچ کے دوران اس کا کوئی مخصوص بیچ یا نمونہ ایک یا زائد پیمانوں پر ناکام ہو۔ اس کا مطلب یہ نہیں ہے کہ بازار میں دستیاب اس دوا کے تمام بیچ یا متعلقہ کمپنی کی دیگر مصنوعات بھی غیر معیاری ہیں۔
قبل ازیں بھارت کے ڈرگ کنٹرولر جنرل (ڈی سی جی آئی) راجیو سنگھ رگھوونشی نے کہا تھا کہ سی ڈی ایس سی او کم اثر رکھنے والی دواؤں کے تناسب کو نمایاں طور پر کم کرنے کے لیے مسلسل اقدامات کر رہا ہے۔ ان کے مطابق گزشتہ سروے میں جانچ کیے گئے مجموعی نمونوں میں سے تقریباً ڈیڑھ فیصد دوائیں کم اثر رکھنے والی پائی گئی تھیں۔




