حیدرآباد سے آندھرا پردیش کے کاکیناڈا جانے والی ایک نجی ٹریولس کی مسافر بس میں ہفتہ کے روز تلنگانہ کے ضلع نلگنڈہ میں اچانک ہولناک آگ بھڑک اٹھی۔ اس حادثے کے دوران بس میں سوار تمام 36 مسافر معجزاتی طور پر محفوظ رہے۔ یہ اہم واقعہ نلگنڈہ ضلع کے چٹیالہ منڈل کے تحت آنے والے گاؤں پیڈا کاپرتھی کے قریب پیش آیا، جہاں چلتی بس سے اچانک دھواں نکلنے لگا اور دیکھتے ہی دیکھتے پوری بس شعلوں کی لپیٹ میں آگئی۔
ذرائع کے مطابق جیسے ہی بس میں آگ لگنے کا احساس ہوا، ڈرائیور اور کلینر نے فوری طور پر مستعدی دکھائی اور گاڑی کو سڑک کنارے روک دیا۔ انہوں نے بنا وقت گنوائے بس میں سوار تمام 36 مسافروں کو ہنگامی طور پر نیچے اتار لیا۔ مسافروں کے اترتے ہی آگ پوری بس میں پھیل گئی اور گاڑی دھوں دھوں کر کے جل اٹھی۔ واقعے کی اطلاع ملتے ہی مقامی فائر اسٹیشن سے فائر ٹینڈر کی گاڑی فوری طور پر موقع پر پہنچی اور سخت مشقت کے بعد آگ پر قابو پایا۔ فائر بریگیڈ اور پولیس حکام کو شبہ ہے کہ بس میں آگ لگنے کی بنیادی وجہ شارٹ سرکٹ ہو سکتی ہے۔ پولیس نے معاملہ درج کر کے تحقیقات شروع کر دی ہیں-



