آل انڈیا مسلم پرسنل لا بورڈ کے سکریٹری مولانا محمد عمرین محفوظ رحمانی بطورِ مہمانِ خصوصی، معروف بھٹکلی شاعر رحمت اللہ راہی کریں گے خصوصی شرکت
سعودی عرب(فکروخبرنیوز) بھٹکل مسلم جماعت ایسٹرن پروونس (BMJEP) کے زیر اہتمام سالانہ اجتماعی پروگرام ’’جشنِ ملن 2026‘‘ کا انعقاد جمعرات، 12 نومبر 2026 کو سعودی عرب کے شہر قطیف میں واقع قصور شہاب ویڈنگ ہال میں کیا جارہا ہے۔ پروگرام کا آغاز رات 9 بجے ہوگا۔
اس سالانہ اجتماع کا بنیادی مقصد سعودی عرب کے مشرقی صوبے میں مقیم بھٹکلی برادری کے افراد اور ان کے اہل خانہ کو ایک پلیٹ فارم پر جمع کرنا، آپسی روابط کو مستحکم بنانا اور باہمی اتحاد، اخوت، محبت اور بھائی چارے کے جذبات کو فروغ دینا ہے۔
منتظمین کے مطابق اس پروقار تقریب میں آل انڈیا مسلم پرسنل لا بورڈ کے سکریٹری مولانا محمد عمرین محفوظ رحمانی بحیثیت مہمانِ خصوصی شرکت کریں گے، جبکہ بھٹکل کے معروف شاعر رحمت اللہ راہی خصوصی مہمان کی حیثیت سے پروگرام میں شریک ہوں گے۔
جشنِ ملن 2026 کو یادگار اور دلچسپ بنانے کے لیے منتظمین کی جانب سے مختلف تفریحی سرگرمیوں اور مقابلوں کا اہتمام کیا گیا ہے۔ پروگرام میں مردوں، خواتین اور بچوں کے لیے علیحدہ علیحدہ خصوصی مقابلے رکھے گئے ہیں، جن میں کامیابی حاصل کرنے والوں کو پرکشش انعامات سے نوازا جائے گا۔
اس کے علاوہ جماعت کے اراکین، مہمانوں اور بچوں کے لیے مختلف تحائف اور شاندار بمپر انعامات بھی رکھے گئے ہیں، تاکہ اجتماع میں شریک ہونے والے افراد اور خاندان اس پروگرام سے بھرپور لطف اندوز ہوسکیں۔
پروگرام کے کنوینر سرفراز جاکٹی نے جشنِ ملن 2026 کی تفصیلات فراہم کرتے ہوئے جماعت کے تمام اراکین اور ان کے اہل خانہ سے اپیل کی ہے کہ وہ اس سالانہ اجتماع میں بھرپور شرکت کریں اور اپنی موجودگی سے پروگرام کو کامیاب بنائیں۔
انہوں نے برادری کے افراد کو دعوت دی ہے کہ وہ اپنے اہل خانہ کے ساتھ اس خصوصی تقریب میں شریک ہوکر باہمی محبت، اتحاد اور بھائی چارے کے ماحول کو مزید مستحکم بنانے میں اپنا کردار ادا کریں۔
واضح رہے کہ جشنِ ملن 2026 جمعرات، 12 نومبر کو رات 9 بجے قطیف کے قصور شہاب ویڈنگ ہال میں منعقد ہوگا۔




