بھٹکل : پہلی بارش بنی عوام کے لیے آزمائش ، سڑکوں پر جمع پانی اور بڑھتی پریشانیاں

بھٹکل (فکروخبر نیوز) بھٹکل سمیت ساحلی کرناٹک کے مختلف علاقوں میں پیر کی صبح سے جاری موسلادھار بارش کے بعد شہری زندگی بُری طرح متاثر ہوگئی ہے۔ شہر کی بیشتر سڑکوں پر پانی جمع ہونے کے مناظر دیکھے گئے، جس سے ٹریفک کا نام متاثر ہوا اور پیدل چلنے والے شہریوں کو بھی شدید دشواریوں کا سامنا کرنا پڑا۔

بھٹکل کے متعدد علاقوں میں جاری یوجی ڈی (UGD) منصوبے کے تحت کھدائی اور سڑکوں کی مرمت نہ ہونے کی وجہ سے عوامی مشکلات میں مزید اضافہ ہوگیا ہے۔ خاص طور پر مخدوم کالونی کو آسار کیری سے جوڑنے والی اے پی جے عبدالکلام سڑک پر جگہ جگہ گڑھے بن گئے ہیں، جن کی وجہ سے گاڑی سواروں اور راہگیروں کو پریشان کن حالات کا سامنا ہے۔

اسی طرح نلے سر کو وینکٹاپور شاہراہ سے جوڑنے والی سڑک پر جاری UGD کام کے باعث راستہ گزشتہ کئی دنوں سے بند پڑا ہے۔ اس دوران جاری کھدائی کے سبب وہاں بارش کا پانی جمع ہوکر کیچڑ میں تبدیل ہوچکا ہے، جو ایک سنگین خطرہ بن چکا ہے۔

شہر کے دیگر متاثرہ علاقوں میں آزاد نگر، مشما محلہ،غوثیہ محلہ، نستار روڈ اورشمس الدین سرکل شامل ہیں، جہاں بارش کے فوری بعد ہی پانی جمع ہوگیا۔ شمس الدین سرکل پر پانی جمع ہونے سے آمد و رفت میں شدید دشواریاں پیش آئیں اور معمولات زندگی متاثر ہوئے۔

شہریوں کا کہنا ہے کہ اگر یہی حال رہا تو آئندہ دنوں میں بارش کی شدت بڑھنے کے ساتھ ساتھ عوامی مشکلات میں کئی گنا اضافہ ہوسکتا ہے۔ شہریوں نے بلدیہ اور متعلقہ پنچایت سے مطالبہ کیا ہے کہ نالیوں کی فوری صفائی، سڑکوں کی مرمت اور زیرِ تعمیر منصوبوں کو جلد مکمل کیا جائے تاکہ برسات کے موسم میں عوام کو ریلیف مل سکے۔عوام مطالبہ کر رہی ہے کہ فوری اقدامات کیے جائیں تاکہ بھٹکل ایک مرتبہ پھر "پانی پانی” نہ ہو۔

گجرات کے مسلم اکثریتی علاقہ چنڈولا میں پھر سے بلڈوزر کارروائی

مدرسوں کو غیرقانونی قرار دینا تعلیم دشمنی ہے، یوپی حکومت رویہ بدلے: مایاوتی