بھٹکل(فکروخبرنیوز) بھٹکل کے جامعہ آباد کے رہائشی 20 سالہ نوجوان محمد دانش ابن احمد عمر شیخ کو ایک طویل عرصہ بعد تھیلیسیمیا جیسے مہلک مرض سے نجات کی نئی امید ملی ہے، تاہم اس کے بنگلورو میں ہونے والے پیچیدہ آپریشن اور علاج کے لیے 50 لاکھ روپے کی ایک بڑی رقم درکار ہے۔ اس سلسلے میں جہاں سوشل میڈیا پر مہم جاری ہے، وہیں مرکزی جماعت المسلمین تینگن گنڈی اور اہلِ خانہ نے قوم و ملت کے تمام صاحبِ ثروت اور مخیر حضرات سے مالی تعاون کی مخلصانہ اپیل کی ہے۔
تفصیلات کے مطابق محمد دانش کو محض ایک سال کی عمر سے تھیلیسیمیا کا عارضہ لاحق ہے۔ ان کے جسم میں قدرتی طور پر خون نہ بننے کی وجہ سے گزشتہ تقریباً 20 سالوں سے ہر 15 دن میں کے ایم سی اسپتال منی پال لے جاکر خون چڑھایا جاتا رہا ہے۔ انتہائی محدود مالی وسائل کے باوجود والدین نے اپنے لختِ جگر کی دیکھ بھال میں کوئی کسر نہیں چھوڑی اور دو دہائیوں تک صبرو حوصلے کے ساتھ اس طبی جنگ کو لڑتے رہے۔
اب ڈاکٹروں نے بنگلورو کے ایک نامور اسپتال میں محمد دانش کے آپریشن کا مشورہ دیا ہے۔ بتایا جا رہا ہے کہ خطے کے مزید تین افراد کا اسی نوعیت کا آپریشن کامیا ب ہو چکا ہے، جس سے اس خاندان میں بھی ایک نئی امید جاگی ہے۔ تاہم 50 لاکھ روپے کے بوجھ اٹھانا نوجوان کے خاندان کے بس سے باہر ہے۔
مرکزی جماعت المسلمین تینگن گنڈی کے ذمہ داران اور با شعور شہریوں نے اپیل کی ہے کہ انسانیت کے ناطے اس نوجوان کے علاج کے لیے آگے آئیں اور حتی المقدورمدد کرکے عند اللہ مأجور ہوں۔
مزید تفصیلات کے لیے رابطہ کریں
عبداللہ دانش
جنرل سکریٹری مرکزی جماعت المسلمین تینگن گنڈی ، بھٹکل





