بھٹکل: ساحلی کرناٹک کے اہم تجارتی مرکز بھٹکل میں قومی شاہراہ کی چار لین کی توسیع کے سست رفتار کاموں اور آنے والے مون سون کے دوران ممکنہ خطرات کے پیش نظر تعلقہ انتظامیہ نے اہم مقامات کا معائنہ کیا۔ اس موقع پر اسسٹنٹ کمشنر (اے سی)، تحصیلدار، ڈی وائی ایس پی، بلدیہ حکام اور آئی آر بی (IRB) کمپنی کے نمائندوں کے ساتھ ساتھ مقامی سماجی تنظیم مجلِسِ اصلاح و تنظیم کے وفد نے بھی شرکت کی۔
یہ معائنہ ان شکایات کے بعد کیا گیا جن میں شہریوں نے اندیشہ ظاہر کیا تھا کہ بارش کے دوران شاہراہ پر نکاسی آب (Stormwater Drainage) کا مناسب انتظام نہ ہونے کی وجہ سے شدید سیلابی صورتحال پیدا ہو سکتی ہے۔ معائنے کے دوران مقامی لوگوں نے حکام کو بتایا کہ ڈرینج کا کام ادھورا ہونے کی وجہ سے بارش کا پانی نہ صرف سڑک پر جمع ہوگا بلکہ قریبی دکانوں اور رہائشی مکانات میں داخل ہو کر بڑے پیمانے پر نقصان کا سبب بن سکتا ہے۔ معائنے کے دوران عوام نے شاہراہ کے پروجیکٹ میں غیر معمولی تاخیر اور آئی آر بی کمپنی کی لاپروائی پر شدید ناراضگی کا اظہار کیا۔ انتظامیہ نے کمپنی کے عہدیداروں کو ہدایت دی کہ وہ برسات شروع ہونے سے قبل پانی کی نکاسی کے راستوں کو ہموار کریں تاکہ شہریوں کو کسی قسم کی زحمت نہ ہو۔




