بھٹکل میں قومی شاہراہ 66 کی توسیع، سروس روڈ کے بغیر کام جاری، عوام شدید پریشان

بھٹکل (فکر و خبر نیوز) بھٹکل میں نیشنل ہائی وے 66 کی فور لین کی تعمیر کا کام شمسی الدین سرکل، کے ایس آر ٹی سی بس اسٹینڈ اور نور مسجد کے اطراف تیزی سے جاری ہے، تاہم سروس روڈ کی عدم فراہمی کے باعث عوام کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔

مقامی افراد کے مطابق اس اہم شاہراہ کی توسیع کا منصوبہ گزشتہ تقریباً تیرہ برسوں سے جاری ہے، لیکن اب بھی بنیادی سہولیات مکمل نہیں ہو سکیں۔ خاص طور پر سروس روڈ نہ ہونے کی وجہ سے پیدل چلنے والوں، دکانداروں اور مقامی رہائشیوں کو روزمرہ آمد و رفت میں سخت دشواری پیش آ رہی ہے۔

شہریوں کا کہنا ہے کہ تعمیراتی کام کے دوران بارہا متعلقہ حکام کی جانب سے سروس روڈ فراہم کرنے کی یقین دہانی کرائی گئی تھی، لیکن زمینی حقیقت اس کے برعکس ہے اور کام بغیر سروس روڈ کے ہی آگے بڑھ رہا ہے۔

مقامی تاجروں اور رہائشیوں نے شکایت کی ہے کہ سڑک کی کھدائی، مٹی اور بھاری مشینری کے باعث کاروبار بری طرح متاثر ہو رہا ہے، جبکہ ٹریفک کا نظام بھی درہم برہم ہو چکا ہے۔ کئی مقامات پر حادثات کا خدشہ بڑھ گیا ہے اور بچوں، بزرگوں اور خواتین کے لیے سڑک عبور کرنا ایک بڑا چیلنج بن چکا ہے۔

عوامی حلقوں نے مطالبہ کیا ہے کہ حکام فوری طور پر سروس روڈ کی تعمیر کو یقینی بنائیں تاکہ لوگوں کو درپیش مشکلات کم ہو سکیں اور ٹریفک کا نظام بہتر بنایا جا سکے۔

شیئر کریں۔